سپیکر ہائوس پنجاب میں پر اسرار آتشزدگی کے نتیجے میں لاکھوں روپے مالیت کا سامان جل کر خاکستر ہو گیا

عمارت کو بھی شدید نقصان پہنچا ،آگ لگنے کی وجوہات جاننے کیلئے فرانزک ماہرین کی ٹیم کی سپیکر ہائوس آمد

اتوار 28 اکتوبر 2018 19:50

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اکتوبر2018ء) سپیکر ہائوس پنجاب میں پر اسرار آتشزدگی کے نتیجے میں لاکھوں روپے مالیت کا سامان جل کر خاکستر ہو گیا ، آتشزدگی سے عمارت کو بھی شدید نقصان پہنچا ،ریسکیو 1122 کی ٹیمیوں نے ایک گھنٹہ کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پا لیا ،آگ لگنے کی وجوہات جاننے کے لیے فرانزک ماہرین کی ٹیم نے متاثرہ عمارت کا دورہ کیا ۔

ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ 16اگست کو نئے سپیکر کا انتخاب ہونے کے باوجود سپیکر ہائوس تاحال سابق سپیکر رانا محمد اقبال کی تحویل میں ہے ۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ گزشتہ روز دوپہر کے وقت سپیکر ہائو س پنجاب میں پراسرار آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا جس میں 12صوفے ،32پردے 18کرسیاں اورتین بیڈ بھی بمعہ میٹرس جل کر خاکستر ہوگئے۔: آتشزدگی سے سپیکر ہائوس کی عمارت کو بھی شدید نقصان پہنچا۔

اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122 کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں جنہوں نے ایک گھنٹہ جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پا لیا ۔جبکہ آگ لگنے کی وجوہات جاننے کے لیے فرانزک ماہرین کی ٹیمیں بھی سپیکر ہائوس پہنچ گئی ۔پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ نے اندراج مقدمہ کی درخواست دی جس پر رپٹ درج کرلی گئی ۔ذرائع کے مطابق سابق سپیکر کے زیر استعمال رہائش گاہ کی بجلی کا بل بھی 15لاکھ واجب الادا ہے ۔