ملک میں نئے صوبوں کا قیام انتہائی ناگزیر ہے،

بابا حیدر زمان کی صوبہ ہزارہ کے قیام کیلئے قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جا سکتا، مشتاق احمد غنی سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی کا نگری بالا سجن گلی کے مقام پرسردار ولی الرحمٰن کے تعزیتی ریفرنس سے خطاب

پیر 29 اکتوبر 2018 12:54

ملک میں نئے صوبوں کا قیام انتہائی ناگزیر ہے،
ایبٹ آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اکتوبر2018ء) سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی مشتاق احمد غنی نے کہا ہے کہ انتظامی بنیادوں پر صوبہ ہزارہ سمیت ملک میں نئے صوبوں کا قیام انتہائی ناگزیر ہے، لسانیت کے خاتمہ اور عوام کو برابر حقوق کی فراہمی کیلئے مزید صوبے بنائے جائیں، بابا حیدر زمان کی صوبہ ہزارہ کے قیام کیلئے قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا اور ان کے اس مشن کو تکمیل تک پہنچائیں گے، موجودہ سال کے دوران ضلع ایبٹ آباد کی عظیم سیاسی شخصیات سردار ولی الرحمٰن، سردار گلزار عباسی، مولانا شفیق الرحمٰن اور بابا حیدر زمان کی وفات سے بہت بڑا سیاسی خلاء پیدا ہوا ہے اور ہم عظیم سیاسی ہستوں سے محروم ہو گئے ہیں۔

وہ گذشتہ روز نگری بالا سجن گلی کے مقام پر گلیات کی مشہور سیاسی و سماجی شخصیت سردار ولی الرحمٰن کے تعزیتی ریفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر مرحوم کے صاحبزادے سردار مجیب الرحمٰن کی دستار بندی بھی کی گئی۔ دستار بندی سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی مشتاق احمد غنی، رکن قومی اسمبلی علی خان جدون، صوبائی وزیر قلندر لودھی، سابق ڈپٹی سپیکر سردار محمد یعقوب، وزیراعلیٰ کے سابق مشیر زرگل خان، عبدالرزاق عباسی، سابق نائب ضلعی ناظم ملک جنید ایڈووکیٹ، ہائی کورٹ بار کے جنرل سیکرٹری سردار بشارت ایڈووکیٹ، ممبر ضلع کونسل کامران گل ایڈووکیٹ و دیگر عمائدین علاقہ نے کی اور سردار مجیب کو مرحوم سردار ولی الرحمٰن کا جاننشین مقرر کیا گیا۔

سردار ولی الرحمٰن مرحوم کے تعزیتی ریفرنس میں سپیکر صوبائی اسمبلی مشتاق غنی، رکن قومی اسمبلی علی خان جدون، ارکان صوبائی اسمبلی سردار اورنگزیب نلوٹھ اور مومنہ باسط، ضلع ناظم سردار سعید انور، سابق مشیر وزیراعلیٰ و پی ٹی آئی کے ریجنل صدر زرگل خان، سابق ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی سردار یعقوب، سابق رکن صوبائی اسمبلی سردار ادریس، ضلعی امیر جماعت اسلامی عبدالرزاق عباسی، ممبر ضلع کونسل سردار فیاض، غضنفیر عباسی، کرنل شبیر، پی ٹی آئی کے ضلعی صدر نقیب الله خان جدون کے علاوہ تحصیل، ضلع اور ویلج کونسلوں کے ناظمین و نائب ناظمین، مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنمائوں، وکلاء، علماء کرام، تاجروں، صحافیوں اور عمائدین گلیات سمیت مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

تقریب سے موجودہ و سابق ارکان پارلیمنٹ، ضلعی ناظم، ضلعی و تحصیل کونسلرز کے علاوہ علاقہ گلیات کی مختلف سیاسی و سماجی شخصیات جمعیت اہل حدیث کے مولانا محمد سلیمان، مولانا سرفراز فاروقی، مولانا یوسف، سردار جیندہ خان، سردار شکور، سردار مبین، ضلع کونسلر سردار فیاض، غضنفر عباسی، ناظم سردار محمد اکرم، سردار سمیع الرحمٰن ایڈووکیٹ، سردار گل نواز، مولانا عتیق الرحمن، مولانا الیاس مشتاق، سردار صادق و دیگرنے خطاب کیا۔

انہوں نے کہا کہ سردار ولی الرحمٰن کی وفات سے بہت بڑا خلا پیدا ہو گیا ہے اور ہم ایک سیاسی بزرگ شخصیت کے ساتھ ساتھ ایک مدبر سیاستدان سے بھی محروم ہو گئے ہیں، مرحوم کے فرزند مجیب الرحمٰن سے ہر ممکن تعاون کریں گے اور ہر اچھے کام میں ان کا ساتھ دیں گے۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ بابا حیدر زمان کی وفات سے ہزارے کا بہت بڑا نقصان ہوا ہے، صوبہ ہزارہ کی تحریک میں ہم سب بابا کی قیادت میں اپنی اپنی جماعتوں میں رہتے ہوئے ان کے ساتھ شامل تھے اور آئندہ بھی صوبہ کے قیام کیلئے جدوجہد جاری رکھیں گے۔

سابق ڈپٹی سپیکر سردار یعقوب سمیت دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ سردار ولی الرحمٰن کی وفات کے بعد آج سے ان کے فرزند مجیب الرحمٰن کے سپرد تمام تر ذمہ داریاں سونپ دی گئی ہیں، وہ اپنے والد کے مشن پر چلیں گے۔ زونل صدر زرگل خان نے بھی سیاسی و سماجی شخصیات کو علاقہ کا نقصان قرار دیا اور گہرے دکھ کا اظہار کیا۔ ضلع ناظم سردار سعید انور نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سردار ولی الرحمٰن نڈر اور اصولی سیاست کرنے والے تھے، ان کی قربانیاں اور کردار ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، انسان نہیں رہتا مگر اس کی اچھی یادیں ہمیشہ زندہ رہتی ہیں۔

عبدالرزاق عباسی نے کہا کہ مرحوم سردار ولی الرحمٰن، بابا حیدر زمان اور گلزار عباسی کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا جس کی بناء پر ان کی سیاسی بصیرت اور صلاحیتوں کے متعرف ہیں۔ رکن صوبائی اسمبلی مومنہ باسط نے کہا کہ سیاسی و سماجی شخصیت کی وفات سے گائوں کی رونقیں ختم ہو جاتی ہیں، لیڈر شپ کی کوالٹی ہر شخص میں موجود نہیں ہوتی، لواحقین کیلئے صبر کی دعا کرتے ہیں۔

ممبر ضلع کونسل سردار فیاض نے کہا کہ 50 سال کراچی میں گزارے، سیاست جب اپنے علاقہ میں شروع کی تو اہلیان علاقہ کے مطالبہ پر کی مگر اصولی سیاست اور عوام کا دکھ درد سمجھنا اور ان کے مسائل حل کرنا اچھے لیڈر کی پہچان ہے۔ اس موقع پر مرحوم کے فرزند سردار مجیب الرحمٰن نے تقریب میں سیاسی و سماجی شخصیات، عمائدین علاقہ اور دیگر کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ آپ لوگوں کی محبت خلوص کو ہمیشہ یاد رکھیں گے اور اپنے والد کے نقش قدم پر چلیں گے اور ان کے مشن کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔