واپڈا نظام میں بہتری لائی جا رہی ہے،

چار نئے گرڈ سٹیشن سے کم وولٹیج کا مسئلہ ہمیشہ کیلئے حل ہو جائے گا وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب خان کا کوٹ نجیب الله کے گائوں گنجیاں کمالا میں ظہرانہ سے خطاب

پیر 29 اکتوبر 2018 12:54

واپڈا نظام میں بہتری لائی جا رہی ہے،
ہری پور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اکتوبر2018ء) وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب خان نے کہا ہے کہ ملک بھر میں واپڈا کے فرسودہ نظام میں بہتری اور جدت لائی جائے گی، اربوں روپے کی لاگت سے ہری پور میں چار نئے گرڈ سٹیشن قائم کر کے آئندہ کئی دہائیوں تک کم وولٹیج سمیت بجلی کے دیگر مسائل حل کریں گے، خانپور سڑک پر تین پلوں کی تعمیر سمیت باقی ماندہ کام کی تکمیل کیلئے 45 کروڑ روپے کے ٹینڈرز جاری ہو چکے ہیں، عنقریب سڑک کا تعمیراتی کام شروع کر دیا جائے گا۔

وہ گذشتہ روز موضع کوٹ نجیب الله کے گائوں گنجیاں کمالا میں ملک اکرم، ملک ظہور اور ملک مسعود کی جانب سے دیئے گئے ظہرانہ سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر سابق وزیر خارجہ گوہر ایوب خان، پی ٹی آئی کے رہنما یوسف ایوب خان، ایم پی اے ارشد ایوب خان اور فیصل زمان جہازوں والا بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب خان نے کہا کہ گذشتہ ڈیڑھ ماہ کے مختصرعرصہ میں ہری پور کیلئے 9 ارب روپے کی لاگت سے 200 کے وی اے کا گرڈ سٹیشن، سرائے صالح، خانپور اور حطار کیلئے 50، 50 کروڑ روپے کی لاگت سے 132 کے وی اے کے تین نئے گرڈ سٹیشن قائم کرنے کی منظوری دی گئی ہے، نئے فیڈرز، ٹرانسفارمرز کی تنصیب اور بوسیدہ تاروں کی تبدیلی کے ان گنت منصوبے بھی مکمل کئے جائیں گے، دربند مانسہرہ کیلئے 132 کے وی اے کا ایک گرڈ سٹیشن منظور کیا گیا ہے جس کا فائدہ ہری پور کے علاقوں کو بھی ہو گا۔

عمر ایوب خان نے مزید کہا کہ توانائی کے شعبوں میں بیرونی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے، حطار انڈسٹریل اسٹیٹ میں نئے کارخانے اور صنعتیں لگائی جائیں گی جن سے ہری پور اور ملحقہ اضلاع کے عوام مستفید ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملک مضبوط ہو گا تو دنیا میں گرین پاسپورٹ اور پاکستانیوں کی شناخت ہو گی جبکہ لیڈر ایماندار ہوں گے تو ملک و قوم کو دنیا میں عزت کی نگاہ سے دیکھا جائے گا۔