سابق گورنرعشرت العباد سے پی ایس پی رہنماں کی ملاقات، گلے شکوے دور کیے

ملاقات کا مقصد آپسی اختلافات دور کرنا تھا،ڈاکٹر عشرت العباد سے ملاقات پارٹی قیادت کو اعتماد میں لے کر کی،انیس ایڈوکیٹ باہمی اتحاد کے ساتھ ملک ،شہر اور صوبے کی بہتری کے لئے کام کرنے کی ضرورت ہے،ڈاکٹرعشرت العباد کی میڈیا سے بات چیت

پیر 29 اکتوبر 2018 17:52

سابق گورنرعشرت العباد سے پی ایس پی رہنماں کی ملاقات، گلے شکوے دور کیے
دبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اکتوبر2018ء) سابق گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد سے پی ایس پی کے رہنماؤں نے ملاقات کی ہے، دونوں جانب سے رابطے بڑھانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔تفصیلات کے مطابق ایک دوسرے پر تنقید کے تیر چلانے والے ڈاکٹر عشرت العباد اور پاک سرزمین پارٹی کے رہنما انیس ایڈووکیٹ اور رضا ہارون دبئی میں سرجوڑ کر بیٹھ گئے۔

ملاقات میں دونوں رہنماں سے سندھ کی سیاست پر بات چیت ہوئی۔ الیکشن نتائج پر بات ہوئی اور مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ اس موقع پر دونوں جانب سے رابطے بڑھانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ایم کیو ایم کے ہم خیال رہنماؤں سے بھی رابطہ کرنے پر اتفاق ہوا، انیس ایڈووکیٹ نے ملاقات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر عشرت العباد کے ساتھ دیرینہ تعلق ہے، ملاقات کا مقصد آپسی اختلافات دور کرنا تھا۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر عشرت العباد سے ملاقات پارٹی قیادت کو اعتماد میں لے کر کی۔سابق گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد نے پی ایس پی رہنما انیس ایڈووکیٹ سے ملاقات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان سے نجی امور کے ساتھ سیاسی صورت حال پر بات ہوئی، ساتھ ہی اختلافات میں صلاحیتیں ضائع کرنے کی بجائے مل کرکام کرنے کی تجویز بھی دی ہے۔انہوںنے کہا کہ انیس ایڈووکیٹ سے دیرینہ اوراچھے تعلقات ہیں، انہوں نے تین ہفتے قبل رابطہ کیا تھا۔

ڈاکٹر عشرت العباد نے کہا کہ پی ایس پی رہنما انیس ایڈووکیٹ کو ایک دوسرے کے درمیان اختلافات ختم کرنے کی تجویز دی ہے۔انہوں نے کہا کہ ایک دوسرے کی مخالفت میں توانائی اور صلاحیتیں ضائع نہیں کرنا چاہیے بلکہ باہمی اتحاد کے ساتھ ملک ،شہر اور صوبے کی بہتری کے لئے کام کرنے کی ضرورت ہے۔