باجوڑ ، کمانگرہ میں تحصیلدار کے گاڑی پر ریموٹ کنٹرول بم دھماکہ، چار لیویز اہلکار زخمی ، تحصیلدار بال بال بچ گئے

پیر 29 اکتوبر 2018 19:42

باجوڑ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اکتوبر2018ء) باجوڑ کے تحصیل ناوگئی کے علاقہ کمانگرہ میں تحصیلدار کے گاڑی پر ریموٹ کنٹرول بم دھماکہ۔ چار لیویز اہلکار زخمی ۔ تحصیلدار بال بال بچ گئے ۔ زخمی ہسپتال منتقل ۔زخمیوں میں دو اہلکاروں کی حالت تشویشناک ، پشاور روانہ ۔ باجوڑ کے ڈپٹی کمشنر عثمان محسود کے مطابق پیر کے صبح باجوڑ کے تحصیل ناوگئی علاقہ کمانگرہ چہارمنگ میں سڑک کے کنارے تحصیلدار عبدالحسیب خان کے گاڑی پر ریموٹ کنٹرول بم دھماکہ اس وقت ہوا جب تحصیلدار عبدالحسیب اپنی سکیورٹی سکواڈ کے ہمراہ چہارمنگ کے ایک سکول میں پہلے سے نصب بم ناکارہ بنانے کیلئے جارہے تھے کہ اچانک ایک زوردار دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں چار لیویز اہلکار زخمی ہوگئے جبکہ تحصیلدار عبدالحسیب خان بال بال بچ گئے ۔

(جاری ہے)

زخمیوں کو علاج معالجے کیلئے ہیڈکوارٹر ہسپتا ل خار منتقل کیاگیا ہے۔زخمیوں میں سپاہی اسماعیل، سپاہی سلیمان ، سپاہی عبدالصمد اور سپاہی ریاض شامل ہیں ۔ واقعہ کے بعد ڈپٹی کمشنر عثمان محسود اسسٹنٹ کمشنر انورالحق کے ہمراہ فوری طورپر ہیڈکوارٹر ہسپتا ل خار پہنچ گئے اور انہوں نے زخمیوں کی عیادت کی ۔ڈپٹی کمشنر عثمان محسود نے دوشدید زخمیوں اسماعیل اور ریاض کو مزید علاج کیلئے بذریعہ ہیلی کاپٹر پشاور منتقل کرنیکا حکم دیا اور بعد ازاں اُن کو بذریعہ ہیلی کاپٹر پشاور منتقل کیاگیا۔ واقعہ کے بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لیکر سرچ آپریشن شروع کردیا ۔