26 سال بعد بانی ایم کیو ایم کی پاکستان واپسی کا امکان

عمران فاروق کیس میں وزارت داخلہ نے بانی ایم کیوایم کی حوالگی کی درخواست منظور کرلی، وزارت داخلہ سے منظوری کے بعد اب یہ درخواست وزارت خارجہ کو بھجوائی جائے گی جو بانی ایم کیوایم کی حوالگی کیلئے برطانوی وزارت خارجہ سے رابطہ کرے گی

muhammad ali محمد علی پیر 29 اکتوبر 2018 21:01

26 سال بعد بانی ایم کیو ایم کی پاکستان واپسی کا امکان
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 29 اکتوبر2018ء) 26 سال بعد بانی ایم کیو ایم کی پاکستان واپسی کا امکان، عمران فاروق کیس میں وزارت داخلہ نے بانی ایم کیوایم کی حوالگی کی درخواست منظور کرلی، وزارت داخلہ سے منظوری کے بعد اب یہ درخواست وزارت خارجہ کو بھجوائی جائے گی جو بانی ایم کیوایم کی حوالگی کیلئے برطانوی وزارت خارجہ سے رابطہ کرے گی۔

 تفصیلات کے مطابق ایم کیوایم کے سابق رہنما عمران فاروق کے قتل کیس میں وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کے انسداد دہشتگردی ونگ نے سال 17-2016 میں مقدمہ درج کیا تھا۔ ایف آئی اے انسداد دہشت گردی ونگ کے سربراہ مظہر الحق کاکا خیل کی منظوری سے کیس میں بانی ایم کیوایم کی پاکستان حوالگی کیلئے وزارت داخلہ کو ایک درخواست بھجوائی گئی تھی جسے وزارت نے منظور کرلیا ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق وزارت داخلہ سے منظوری کے بعد اب یہ درخواست وزارت خارجہ کو بھجوائی جائے گی جو بانی ایم کیوایم کی حوالگی کیلئے برطانوی وزارت خارجہ سے رابطہ کرے گی اور انہیں باضابطہ درخواست بھی دی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق ایف آئی اے کی درخواست کے ساتھ عمران فارق قتل کیس کا چالان اور جے آئی ٹی رپورٹ سمیت دیگر دستاویزات بھی منسک کی گئی ہیں۔

یاد رہے کہ 50 سالہ ڈاکٹر عمران فاروق پر16 ستمبر 2010 کو لندن میں ان کی رہائش گاہ کے قریب چاقو اور اینٹوں سے حملہ کرکے قتل کردیا گیا تھا۔ ایف آئی اے نے 2015 میں عمران فاروق کے قتل میں مبینہ طور پر ملوث ہونے کے شبے میں بانی متحدہ اور ایم کیو ایم کے دیگر سینئر رہنماؤں کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا۔ کیس میں محسن علی سید، معظم خان اور خالد شمیم کو بھی قتل میں ملوث ہونے کے الزام میں گرفتار کیا گیا جبکہ میڈیا رپورٹ کے مطابق ایک اور ملزم کاشف خان کامران کی موت ہو چکی ہے۔