شہدا کربلاکا چہلم لاہور سمیت متعدد شہروں میں موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس بند

کراچی اور لاہور میں مقامی تعطیل‘ملک بھر میں سیکورٹی کے سخت انتظامات

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 30 اکتوبر 2018 09:41

شہدا کربلاکا چہلم لاہور سمیت متعدد شہروں میں موبائل فون اور انٹرنیٹ ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔ 30 اکتوبر۔2018ء) نواسہ رسول ﷺ حضرت امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ اور شہدا کربلاکے چہلم کے موقع پر مختلف شہروں میں موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس معطل رہے گی. وزارت داخلہ نے حضرت امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے چہلم کے موقع پر صوبائی حکومتوں کی طرف سے جی پی آر ایس، موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس معطل کرنے کی درخواستوں کی منظوری دے دی ہے.

(جاری ہے)

وزارتِ داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پنجاب، سندھ، خیبر پختونخوا، بلوچستان اور آزاد کشمیر کے ہوم ڈیپارٹمنٹس کی جانب سے درخواستیں موصول ہوئی ہیں جن میں کہا گیا تھا کہ سیکورٹی خدشات کے پیش نظر چہلم امام حسین ؓ کے روز موبائل فون و انٹرنیٹ سروس معطل رکھی جائیں. وزارتِ داخلہ کے مطابق پنجاب کے جن شہروں میں آج موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس معطل رہے گی ان میں لاہور، ننکانہ صاحب، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، گجرات، نارووال، راولپنڈی، اٹک، جہلم، سرگودھا، خوشاب، بھکر، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ملتان، ساہیوال، اوکاڑہ، پاکپتن اور رحیم یار خان شامل ہیں.

سندھ میں کراچی، حیدر آباد، سکھر، خیرپور، جیکب آباد اور شکارپور، خیبر پختون خوا میں نوشہرہ، کوہاٹ، بنوں، لکی مروت، ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک، ایبٹ آباد، کشمیر میں مظفر آباد، باغ، حویلی، میرپور، کوٹلی اور کوئٹہ میں مذکورہ سروسز بند رہیں گی. وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ سروسز کی معطلی جلوسوں کے اوقات کو مدنظر رکھتے ہوئے کی گئی ہے، اسلام آباد میں موبائل اور انٹرنیٹ سروس بحال رہے گی.

دوسری جانب نواسہ رسولﷺحضرت امام حسینؓ اور شہدائے کربلا کا چہلم آج مذہبی عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے. چہلم امام حسینؓ و شہدائے کربلا کے سلسلے میں آج نکلنے والے جلوسوں کے روٹس پر سیکورٹی سمیت دیگر انتظامات کو حتمی شکل دیدی گئی ہے. لاہور میں تعزیہ کا مرکزی جلوس اندرون شہر حویلی الف شاہ سے برآمد ہو گا جو مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا کربلا گامے شاہ اختتام پذیر ہو گا،جلوس کی سکیورٹی کے لئے 12 ہزار سے زائد سکیورٹی اہلکار تعینات کئے جائیں گے.

جلوس کے روٹ میں شامل تجارتی مراکز عارضی طور پر بند رکھے جائیں گے جب کہ ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لیے متبادل روٹ پلان بھی تیار کرلیا گیا. جلوس کے اختتام تک لوئر مال،پیر مکی یوٹرن ،ضلع کچہری،اندرون سرکلر روڈ،موری گیٹ تا چوک اسلامیہ اور لوئر مال سے ملحقہ شاہراہیں بند رہیں گی. پولیس حکام کے مطابق حفاظتی اقدامات کے پیش نظر شاہدرہ موڑ تا ایم اے او کالج میٹرو بس سروس معطل رہے گی جب کہ جلوس کے روٹ پر جیمرز کی مدد سے موبائل سروس بھی بند رکھی جائے گی.

سی سی پی او لاہور ذوالفقار حمید کا کہنا ہے کہ تمام افراد کو چیکنگ کے بعد جلوس میں شامل ہونے دیا جائے گا،مرکزی کنڑول روم سے سیکورٹی امور پر نظر رکھی جائے گی چہلم کے جلوسوں کی سکیورٹی کے پیش نظر آج کو ملک کے چاروں صوبوں میں موبائل فون سروس صبح 9بجے سے رات 9بجے تک معطل رہے گی. چہلم امام حسین ؓ کے سلسلے میں آج کراچی سمیت سندھ بھر میں سکول اور کالج بند رہیں گے جبکہ لاہور میں بھی شہداءکربلا کے چہلم اور حضرت داتا گنج بخش ؒ کے عرس کے سلسلہ میں مقامی تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے.