مسلم لیگ (ن) کا پانچ رکنی وفد راجہ ظفر الحق کی قیادت میں آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کرے گا

مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کی پارلیمنٹ ہائوس کے باہر رکن قومی اسمبلی سائرہ افضل تارڑ کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو

منگل 30 اکتوبر 2018 18:40

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اکتوبر2018ء) مسلم لیگ (ن) کی ترجمان رکن قومی اسمبلی مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کا پانچ رکنی وفد راجہ ظفر الحق کی قیادت میں آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کرے گا، حکومت سے این آر او کس نے مانگا ہے نام بتا دیں۔ منگل کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر رکن قومی اسمبلی سائرہ افضل تارڑ کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ آج سابق وزیراعظم نواز شریف پارلیمنٹ ہائوس آئے تھے، انہوں نے پارٹی کے صدر شہباز شریف سے ملاقات کی اور آل پارٹیز کانفرنس سمیت دیگر قومی امور پر مشاورت کی۔

انہوں نے کہا کہ معاشی حالات کے باعث عوام مشکلات کا شکار ہیں۔ اس حوالہ سے آل پارٹیز کانفرنس بلائی گئی ہے جس کی صدارت مولانا فضل الرحمن کریں گے، مسلم لیگ (ن) کا پانچ رکنی وفد راجہ ظفر الحق کی قیادت میں شرکت کرے گا جس میں سردار ایاز صادق، خواجہ آصف، احسن اقبال اور خواجہ سعد رفیق شامل ہوں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن کو مبارکباد پیش کرتی ہوں کہ انہوں نے آل پارٹیز کانفرنس بلائی۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعظم آئی جی کو تبدیل نہیں کر سکتے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اخلاقیات کی بھی حد ہوتی ہے، این آر او کس نے مانگا ہے اس حوالہ سے نام بتائیں۔ انہوں نے کہا کہ پبلک اکائونٹس کمیٹی کا سربراہ اپوزیشن سے ہوتا ہے، شہباز شریف پی اے سی کے چیئرمین ہوں گے، یہ اپوزیشن کا استحقاق ہے۔