وزیراعلیٰ کا چہلم حضرت امام حسینؓ اور عرس حضرت داتا گنج بخشؒ پر فول پروف سکیورٹی انتظامات پر اظہاراطمینان

امن عامہ کیلئے بہترین سکیورٹی انتظامات کئے گئے، صوبہ بھر میں امن وامان کی صورتحال کنٹرول میں رہی‘سردار عثمان بزدار

بدھ 31 اکتوبر 2018 19:01

وزیراعلیٰ کا چہلم حضرت امام حسینؓ اور عرس حضرت داتا گنج بخشؒ پر فول ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 اکتوبر2018ء) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے حضرت امام حسینؓ و شہدائے کربلا کے چہلم اور حضرت داتا گنج بخشؒ کے عرس کے موقع پر فول پروف سکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے اور بہترین سکیورٹی انتظامات پر کابینہ کمیٹی برائے امن و امان ، پولیس، انتظامیہ اور قانون نافذکرنے والے اداروں کی کارکردگی کی تعریف کی ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ عوام کے جان ومال کے تحفظ کیلئے صوبائی کابینہ کمیٹی کے اراکین کی نگرانی میں بہترین سکیورٹی انتظامات کئے گئے اور الله تعالیٰ کے بے پایاں فضل وکرم اور کابینہ کمیٹی کے اراکین کی شبانہ روز محنت سے صوبہ بھر میں امن وامان کی صورتحال کنٹرول میں رہی۔انہوں نے کہا کہ کابینہ کمیٹی کے تمام اراکین نے محنت کر کے امن عامہ کے قیام کا قومی فریضہ بطریق احسن سرانجام دیا اورصوبائی اداروں اور محکموںکے ساتھ متعلقہ ایجنسیوں کی کوآرڈینیشن بہترین رہی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ متعلقہ اداروں، پولیس اور انتظامیہ نے مربوط اندازمیں کام کرتے ہوئے پر امن فضا کو یقینی بنایا اور تمام محکموں اوراداروں نے جس طرح ایک ٹیم ورک کے طور پر کام کیا وہ قابل تحسین ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ امن کمیٹیوں اور منتخب نمائندوں نے چہلم حضرت امام حسینؓ کے موقع پر بھائی چارے کی فضا برقرار رکھنے کیلئے موثر کردار ادا کیا ۔