حکومت غریبوں کو ختم کر کے نئے پاکستان کی بنیاد رکھنے کیلئے کوشاں ہیں ‘ (ن) لیگ ٹریڈرز ونگ

روزانہ کی بنیاد پر مہنگائی کے ڈرون حملے کئے جارہے ہیں ،عوام کے گھروںمیں نوبت فاقوں تک پہنچ گئی ہے عوام جھولیاں اٹھا اٹھاکر حکومت سے نجات کی دعائیں مانگنا شروع ہو گئے ہیں ‘ نائب صدور میاں عثمان، عامر صدیق

جمعرات 1 نومبر 2018 13:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 نومبر2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) ٹریڈرز ونگ نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسا لگتا ہے کہ حکومت غریبوں کو ختم کر کے نئے پاکستان کی بنیاد رکھنے کیلئے کوشاں ہیں ،پسے ہوئے طبقات کو ٹارگٹ کر کے روزانہ کی بنیاد پر مہنگائی کے ڈرون حملے کئے جارہے ہیں اور اس کے ساتھ سب اچھا کی رپورٹ بھی دی جارہی ہے ۔

ان خیالات کا اظہارٹریڈرز ونگ لاہور کے سینئر نائب صدور میاں عثمان اور چوہدری عامر صدیق نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر اپنے رد عمل میں کیا ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ خزانہ خالی ہونے اور معیشت کی ابتری کا رونارو کر عوام پر ہر روز مشکلات کے پہاڑ توڑے جارہے ہیں لیکن مسائل کے حل کیلئے عملی طور پر کوئی اقدامات نہیںکئے جارہے ۔ حکومت صرف بیرونی امداد پر اکتفا کئے ہوئے ہے اوراس پر خوشیاں منائی جارہی ہیںجبکہ عوام کے گھروںمیں نوبت فاقوں تک پہنچ گئی ہے ۔

حالات اس نہج پر پہنچ گئے ہیں کہ عوام جھولیاں اٹھا اٹھاکر حکومت سے نجات کی دعائیں مانگنا شروع ہو گئے ہیں ۔ ٹریڈرزونگ کے رہنمائوںنے کہا کہ حکومت کو من مانی کرنے کی اجازت نہیں دیں گے اور مہنگائی کے خلاف سڑکوں پر آکر احتجاج کیا جائے گا ۔