ن لیگ کے سعود مجید اور سائرہ افضل تارڑ کو سینیٹ ٹکٹ دینے کا فیصلہ

دونوں امیدواروں کو باضابطہ طور پر ٹکٹ جلد جاری کیے جانے کا امکان

جمعرات 1 نومبر 2018 20:39

ن لیگ کے سعود مجید اور سائرہ افضل تارڑ کو سینیٹ ٹکٹ دینے کا فیصلہ
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 نومبر2018ء) پاکستان مسلم لیگ ن نے سینیٹ کی دو خالی نشستوں پر ضمنی انتخابات کے لیے دو حتمی امیدواروں کو ٹکٹ جاری کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ذرائع کے مطابق ن لیگ کی جانب سے سینیٹ کے ضمنی انتخابات میں سعود مجید اور سائرہ افضل تارڑ کو ٹکٹ دینے کا حتمی فیصلہ ہوا ہے۔دونوں امیدواروں کو باضابطہ طور پر ٹکٹ جلد جاری کیے جانے کا امکان ہے۔

سینیٹ کے ضمنی انتخابات کے لیے مسلم لیگ ن نے چار امیدواروں کو کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی ہدایات جاری کیں تھیں۔جن لیگی امیدواروں کی جانب سے سینیٹ کے ضمنی انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرائیں گے تھے ان میں سعود مجید، بیرسٹرعابد وحید، سائرہ افضل تارڑ اور عشرت اشرف شامل ہیں۔یاد رہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان نے 17 اکتوبر 2018 مسلم لیگ ن کے ہارون اختر اور سعدیہ عباسی کو دہری شہریت ہونے پر سینیٹ کی نشت کے لیے نا اہل قراردیا تھا۔

(جاری ہے)

عدالتی فیصلے کے مطابق لیگی رہنما ہارون اختر نے جس دن انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے اس روز ان کے پاس دہری شہریت تھی اور سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی ہمشیرہ سعدیہ عباسی نے 20 فروری کواپنی غیر ملکی شہریت ترک کی جب کہ انہوں نے 8 فروری کو اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے۔واضح رہے کہ سائرہ افضل تارڑ سابقہ دور حکومت میں وزیر صحت رہ چکی ہیں جب کہ سعود مجید سابق ن لیگی ایم این اے و سینیٹر رہ چکے ہیں۔