چیئرمین پیمرا کا حیدرآباد آفس کا دورہ

غیر قانونی انڈین ڈی ٹی ایچ کیخلاف جاری مہم کومزید فعال بنانے پر زور

جمعرات 1 نومبر 2018 22:59

چیئرمین پیمرا کا حیدرآباد آفس کا دورہ
حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 نومبر2018ء) چیئرمین پیمرا محمد سلیم بیگ نے پیمرا کے حیدرآباد آفس کا دورہ کیا۔ انچارج حیدرآباد آفس محسن علی عمرانی نے حیدرآباد آفس کی غیر قانونی انڈین ڈی ٹی ایچ اور چینلز کے خلاف جاری مہم سے آگاہ کیا۔ چیئرمین پیمرا نے فیلڈ افسران کی دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں بشمول وفاقی تحقیقاتی ادارے (FIA)، کسٹم انٹیلی جنس، پولیس اور رینجرز کے تعاون سے غیر قانونی انڈین ڈی ٹی ایچ، سی-لائن اور اینڈرائیڈ باکسز کے خلاف جاری کاروائیوں کا پچھلے پانچ دن کا جائزہ لیا اور ان کی کوششوں کو سراہا۔

ان کاروائیوں میں حیدرآباد اور سکھر آفس نے بڑی تعداد میں غیر قانونی آلات قبضہ میں لئے، جن میں 122 سیٹلائٹ ریسیور، 17ایل این بی ڈاؤن کنورٹر اور 45 ڈش انٹینا شامل ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس مہم کو مزید تیز اور مؤثر بنانے پر زور دیا اور سپریم کورٹ کے احکامات کے تحت غیر قانونی انڈین ڈی ٹی ایچ کے خاتمے کے احکامات جاری کئے تاکہ پاکستانی ڈی ٹی ایچ کیلئے راستہ ہموار کیا جا سکے جو بہت جلد (انشاء الله) پاکستان میں کام شروع کر دے گا۔

انہوں نے پیمرا افسران کو تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ رابطے میں رہنے اور تمام لائسنس یافتگان کو قانون کے تحت سہولیات اور تعاون کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ اس دورے میں چیئرمین نے حیدرآباد کے کیبل آپریٹرز کے نمائندوں سے بھی ملاقات کی۔ اُن کے مسائل سنے اور جائز مطالبات کو فوری حل کرنے کا یقین دلایا۔مزید برآں ! انہوں نے کیبل آپریٹرز کو غیر قانونی ڈی ٹی ایچ اور انڈین چینلز / موادسے متعلق سپریم کورٹ کے احکامات اور اس سلسلے میں جاری آپریشن سے آگاہ کرتے ہوئے اس پر سختی سے عملدرآمد کرنے اور اسے کامیاب بنانے کا کہا۔

اس دورے میں ان کے ساتھ ڈائریکٹر جنرل (آپریشنز) محمد فاروق، جنرل منیجر (آپریشنز) محمد طاہر، سیکریٹری اتھارٹی فخرالدین مغل اور دیگر پیمرا افسران موجود تھے۔