ٹیکنالوجی اور انٹرنیٹ کا استعمال ترقی کے لیے اہم ہے، صدر مملکت

نئے دور کے مطابق تعلیم کی فراہمی وقت کی ضرورت ہے، پاکستان نے ہمیں بہت کچھ دیا لیکن جواب میں ہم اسے کچھ نہیں دے سکے، ڈاکٹرعارف علوی

ہفتہ 3 نومبر 2018 17:09

ٹیکنالوجی اور انٹرنیٹ کا استعمال ترقی کے لیے اہم ہے، صدر مملکت
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 نومبر2018ء) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ ٹیکنالوجی اور انٹرنیٹ کا استعمال ملک کی ترقی کے لیے بہت اہم ہے، نئے دور کے مطابق تعلیم کی فراہمی وقت کی ضرورت ہے۔ پاکستان نے ہمیں بہت کچھ دیا لیکن جواب میں ہم اسے کچھ نہیں دے سکے۔

(جاری ہے)

ہفتہ کوصدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کراچی میں بین الاقوامی کانفرنس A World of Tomorrow Re-Imagined سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا ہدف قوم کو بہتر پاکستان دے کر جانا ہے اور اس کے لیے ہم کوششیں کر رہے ہیں جب کہ پاکستان کے تعلیمی نظام کو بہتر بنانا ہماری اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام کو نئے دور کے مطابق تعلیم کی فراہمی وقت کی ضرورت ہے جب کہ نجی شعبہ کو بھی نادار افراد کے لیے تعلیم کی فراہمی پر بھی کام کرنے کی ضرورت ہے۔ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ تعلیم کے شعبے کے لئے حکومت اور نجی شعبے کو اپنی ذمہ داریاں ادا کرنا ہو گی۔ پاکستان نے ہمیں بہت کچھ دیا لیکن ہم اس کے جواب میں بہت کچھ نہیں کر سکے ہیں۔صدر مملکت نے کہا کہ انہوں نے رکن قومی اسمبلی کی حیثیت سے سرکاری اسکولوں کی بہتری کے لئے بہت کام کیا۔