مولانا سمیع الحق کی شہادت ایک عظیم سانحہ ہے،شوکت یوسفزئی

ہفتہ 3 نومبر 2018 17:19

مولانا سمیع الحق کی شہادت ایک عظیم سانحہ ہے،شوکت یوسفزئی
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 نومبر2018ء) خیبرپختونخوا کے وزیر اطلاعات وتعلقات عامہ شوکت علی یوسفزئی نے کہا کہ مولانا سمیع الله کے قتل کی تحقیقات کے لئے دائرہ وسیع کیا جا رہا ہے اور اس کے محرکات تک پہنچنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ کوپن ہیگن میں اپنے اعزاز میں دئیے گئے عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے شوکت یوسفزئی نے مولانا سمیع الحق کو ان کی دینی ، علمی اور سیاسی خدمات پر خراج عقیدت پیش کیا ۔

صوبائی وزیر ا طلاعات نے کہا کہ مولانا سمیع الحق کی شہادت ایک عظیم سانحہ ہے اور اس کے پس پردہ محرکات جاننا ضروری ہے ، ان کی شہادت بہت گہری سازش ہے ، حکومت پوری کوشش کر رہی ہے کہ قاتلوں تک پہنچا جائے تاہم انہوں نے کہا کہ ابھی تک کسی قسم کی معلومات یا محرکات کا پتہ نہیں چلا ہے اور نہ ہی کسی نے ذمہ داری قبول کی ہے ۔

(جاری ہے)

بعدازاں میڈیا سے باتیں کرتے ہوئے وزیر اطلاعات نے کہا کہ مولانا سمیع الحق کے قتل کی تحقیقات سائنٹیفک بنیادوں پر کی جائیں گی ، فی الحال ان کے ذاتی دو ملازمین کو حراست میں لیا گیا ہے ، ان سے پوچھ گچھ جاری ہے ۔

ایک سوال کے جواب میں شوکت یوسفزئی نے کہا کہ یہ بات درست ہے کہ آج تک لیاقت علی خان اور محترمہ بے نظیر بھٹو کی شہادت کی تحقیقات کا علم نہیں ہو سکا تاہم موجودہ حکومت عوام سے کوئی بات نہیں چھپائی گی اور تحقیقات کے دوران جو بھی محرکامات سامنے آئیں گے عوام کو ان سے آگاہ کیا جائے گا ۔ انہو ںنے کہا کہ خیبر پختونخوا سمیت ملک میں امن قائم ہو چکا ہے اوورسیز پاکستان میں سرمایہ کاری کریں ، حکومت ان کو مکمل سپورٹ دے گی ۔ سی پیک منصوبوں کی وجہ سے پاکستان دنیا کا سب سے بڑا معاشی ملک بنتا جا رہا ہے ۔