الیکشن کمیشن: 5 الیکشن ٹربیونلزکے ججز ملازمت سے فارغ

2 ڈویژن کے الیکشن ٹربیونلزججزکی مدت ملازمت میں توسیع، نوٹیفکیشن بھی جاری

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 3 نومبر 2018 18:00

الیکشن کمیشن: 5 الیکشن ٹربیونلزکے ججز ملازمت سے فارغ
لاہور(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔03 نومبر 2018ء) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پنجاب میں 5 ڈویژن کے الیکشن ٹربیونلزکے ججز ملازمت سے فارغ کردیے، الیکشن کمیشن نے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے،جبکہ 2 ڈویژن کے الیکشن ٹربیونلزججزکی مدت ملازمت میں توسیع کردی گئی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پنجاب میں 5 ڈویژن کے الیکشن ٹربیونلزکے ججز ملازمت سے فارغ کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔

نوٹیفکشن کے مطابق گوجرانوالہ، راولپنڈی اور فیصل آباد، بہاولپوراورڈی جی خان الیکشن ٹربیونلزکے ججزکو فارغ کردیا گیا ہے۔ اسی طرح الیکشن کمیشن نے ملتان، ساہیوال اورسرگودھا کے ججزکی مدت ملازمت میں28 فروری تک توسیع کردی ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق ملتان کے جج ایک ماہ میں ایک ایک ہفتہ بہاولپوراورڈی جی خان میں کام کریں گے۔

(جاری ہے)

ساہیوال ٹربیونل کے جج مہینے میں ایک ایک ہفتہ لاہوراور فیصل آباد کے کیسزسنیں گے۔

سرگودھا الیکشن ٹربیونل کے جج کو راولپنڈی اورگوجرانوالہ کا اضافی چارج مل گیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے فارغ ہونے والے ججزکی عدالتوں کے ماتحت عملے کوبھی فارغ کردیا ہے۔ دوسری جانب الیکشن کمیشن نے ضلع لاہور میں سرکاری ملازمین کی تقرریوں اور تبادلوں پر پابندی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے پنجاب کے صوبائی حلقہ پی پی 168 کے ضمنی انتخاب کا شیڈول اور انتخابی ضابطہ اخلاق جاری کر دیا گیا ہے۔

پی پی 168 میں پولنگ 13 دسمبر کو ہوگی جس کے باعث الیکشن کمیشن نے حلقہ پی پی 168 میں نئی ترقیاتی اسکیموں پر بھی پابندی لگا دی ہے۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ ضابطہ اخلاق کے تحت ارکان قومی و صوبائی اسمبلی الیکشن کے انعقاد تک حلقے کا دورہ نہیں کر سکتے۔ ضابطہ اخلاق کے مطابق وزیر اعظم، وزیراعلیٰ اور وفاقی و صوبائی وزرائ پر بھی متعلقہ حلقے میں دورے پر پابندی ہو گی۔ صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی 168 سے 2018 کے عام انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما خواجہ سعد رفیق نے کامیابی حاصل کی تھی۔14 اکتوبر 2018 کو ہونے والے ضمنی انتخابات میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 131 لاہور سے کامیابی حاصل کرنے کے بعد خواجہ سعد رفیق نے صوبائی نشست سے استعفیٰ دے دیا تھا۔