مولانا سمیع الحق کا دن دہاڑے قتل حکومت اور سیکورٹی اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے،سراج الحق

حکومت قتل کے پس پردہ محرکات کو جلد از جلد سامنے لائے اور قاتلوں کو گرفتار کر کے انہیں قرار واقعی سزا دی جائے ،امیر جماعت اسلامی

ہفتہ 3 نومبر 2018 19:08

مولانا سمیع الحق کا دن دہاڑے قتل حکومت اور سیکورٹی اداروں کی کارکردگی ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 نومبر2018ء) جماعت اسلامی پاکستان کے اعلیٰ سطحی وفد نے امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹرسراج الحق کی قیادت میں اکوڑہ خٹک میں مولانا سمیع الحق شہید کی نمازجنازہ میں شرکت کی ۔ وفد میں سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی لیاقت بلوچ ، نائب امیر ڈاکٹر فرید احمد پراچہ ، جمعیت اتحاد العلماء پاکستان کے صدر مولانا عبدالمالک اور دیگر رہنما شامل تھے ۔

نماز جنازہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ مولانا سمیع الحق کے دن دہاڑے بہیمانہ قتل نے ثابت کردیاہے کہ ملک میں اب بھی سیکورٹی کی صورتحال اطمینان بخش نہیں ہے ۔وفاقی دارالحکومت جس کے محفوظ شہر ہونے کے دعوے کیے جاتے ہیں اس میں دن کی روشنی میں ایک جید عالم دین کو شہید کردیا گیا جبکہ ابھی تک قاتلوں کا سراغ نہیں مل سکا ۔

(جاری ہے)

مولانا سمیع الحق نے ہمیشہ ملک میں اسلامی نظام کے نفاذ کی بات کی ۔ ہم غمزدہ خاندان کے غم میں برابر کے شریک ہیں ۔ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ جلد از جلد قاتلوں کو گرفتار کرے ۔ دن کی روشنی میں ہونے والے قتل کے مجرم چھپ نہیں سکتے ۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ مولانا سمیع الحق جیسی قد آور شخصیت کا دن دہاڑے قتل حکومت اور سیکورٹی اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے ۔

اب حکومت کا فرض ہے کہ وہ اس قتل کے پس پردہ محرکات کو جلد از جلد سامنے لائے اور قاتلوں کو گرفتار کر کے انہیں قرار واقعی سزا دی جائے ۔ انہوں نے کہاکہ مولانا سمیع الحق غلبہ دین کی کوششوں میں ہمیشہ صف او ل میں رہے ان کی شہادت سے ملک میں نفاذ اسلام کی کوششوں کو شدید دھچکا لگاہے ۔ انہوںنے کہاکہ مولانا سمیع الحق کے قتل سے ملک و قوم ایک مدبر سیاستدان اور جید عالم دین سے محروم ہوگئے ہیں ۔

مولانا کا قتل گہری سازش کا شاخسانہ ہے ۔ سینیٹر سراج الحق نے مولانا سمیع الحق کے بیٹے حامد الحق اور خاندان کے دیگر افراد سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہاکہ جماعت اسلامی سوگوار خاندان اور جمعیت العلمائے اسلام کے کارکنوں کے غم میں برابر کی شریک ہے ۔ انہوںنے مولانا سمیع الحق مرحوم کے درجات کی بلندی اور خاندان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی ہے ۔