مولانا سمیع الحق کی نماز جنازہ ادا،آہوں اور سکیوں کیساتھ سپرد خاک

جنازہ میں گورنر ،وزیر اعلی خیبر پتخونخواہ ،ارکان پارلیمنٹ ،سیاسی و مذہبی رہنمائوں سمیت ہزاروں افراد کی شرکت ،مولانا کو والد کے دائیں پہلو میں دفن کیا گیا

ہفتہ 3 نومبر 2018 21:38

مولانا سمیع الحق کی نماز جنازہ ادا،آہوں اور سکیوں کیساتھ سپرد خاک
اکوڑہ خٹک(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 نومبر2018ء) جے یو آئی (س) کے سربراہ اور ممتاز عالم دین مولانا سمیع الحق کا نماز جنازہ اکوڑہ خٹک میں آہوں اور سسکیوں کے سپردخاک کر دیا گیا ، مولانا سمیع الحق کو ان کے والد مولانا عبدالحق کے دائیں جانب پہلو میں دفن کیا گیا ۔ تفصیلات کے مطابق ہفتہ کے روز جے یو آئی (س) کے سربراہ مولانا سمیع الحق کو ایمبولینس میں گورنمنٹ خوشحال خان خٹک ڈگری کالج گرائونڈ میں نماز جنازہ ادا کرنے کیلئے لایا گیا تو وہاں پہلے سے اراکین سینٹ ، اراکین اسمبلی سمیت کارکنوں اور طلباء کی بڑی تعداد موجود تھی گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان ،وزیراعلیٰ محمود خان،سینیٹر راجہ ظفر الحق ، سابق گورنر اقبال ظفر جھگڑا ، انجینئر امیر مقام ، جماعت اسلامی کے سربراہ سراج الحق ، لیاقت بلوچ ، سینیٹر مشتاق احمد ، سردارمہتاب سمیت عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما غلام بلور ، جماعة الدعوہ کے حافظ سعید اور دیگر سماجی و سیاسی شخصیات نے نماز جنازہ میں شرکت کی نماز جنازہ ان کے بیٹے مولانا حامد الحق نے پڑھائی جس کے بعد مولانا سمیع الحق کو جامعہ حقانیہ میں ان کے والد کی دائیں جانب پہلو میں دفنا دیا گیا اس موقع پر پولیس کی بھاری نفری بھی امن وامان کو نافذ کرنے کیلئے تعینات کی گئی تھی جبکہ دارلعلوم حقانیہ کے طالبعلموں نے بھی اپنے سکیورٹی کے حصار بنائے ہوئے تھے ۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ مولانا سمیع الحق کے بیٹے اسامہ حقانی عمرے کی ادائیگی کے بعد واپس وطن پہنچ گئے تھے۔ اسامہ حقانی اپنی والدہ کے ہمراہ سعودی عرب گئے تھے اور انہیں واقعہ کی خبر مدینہ منورہ میں ملی۔ یاد رہے کہ جمعیت علمائے اسلام(س)کے امیر مولانا سمیع الحق کو گزشتہ روز راولپنڈی میں قتل کردیا گیا تھا