این بی پی انٹر ڈسٹرکٹ فٹبال چیمپئن شپ کا آغاز

افتتاحی میچ میں نوشہرہ نے صوابی ڈسٹرکٹ کو تین صفر سے شکست دیدی

پیر 5 نومبر 2018 19:49

این بی پی انٹر ڈسٹرکٹ فٹبال چیمپئن شپ کا آغاز
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 نومبر2018ء) انٹر ڈسٹرکٹ مینز فٹبال چپمپئن شپ پشاور کے طہماس فٹبال سٹیڈیم پر گزشتہ روز شروع ہوگئی چیمپئن شپ کا افتتاح این بی پی پشاور کے ریجنل چیف سہیل خان نے کیا ان کے ہمراہ صدر کے پی فٹبال ایسوسی ایشن سید ظاہر شاہ ‘سیکرٹری جنرل راجہ عبدالباسط کمال‘ڈی ایس او پشاور جمشید بلوچ سمیت دیگر شخصیات بھی موجود تھیں‘افتتاحی میچ میں نوشہرہ نے صوابی کو تین صفر سے شکست دیدی ، طہاس فٹبال سٹیڈیم کی تزئین و آرائش کے بعد یہ پہلی چیمپئن شپ یہاں کھیلی جا رہی ہے سٹیڈیم میں فلڈ لائٹس ‘کھلاڑیوں کے لئے چینجنگ رومز وغیرہ کی سہولتیں فراہم کی گئی ہیں ‘سیکرٹری جنرل صوبائی فٹبال ایسوسی ایشن اور سابق انٹرنیشنل فٹبالر اور قومی فٹبال ٹیم کے سابق کپتان راجہ عبدالباسط کمال نے بتایا کہ پشاور کے طہماس فٹبال سٹیڈیم میں پہلی مرتبہ فلڈ لائٹس کی تنصیب سے کھیل کے فروغ و ترقی میں بھرپور مدد ملے گی اور اب شامل اور رات کے اوقات میں بھی یہاں فٹبال کے میچ منعقد ہوسکیں گے خاص طور پر گرمی کے سیزن میں یہ کھلاڑیوں کے لئے بہترین ہوگا‘راجہ عبدالباسط کمال نے بتایا کہ اس چیمپئن شپ میں سولہ ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جس میں پشاور گرین ‘نوشہرہ‘مردان‘دیر ‘ملاکنڈ‘چترال ‘صوابی ‘چارسدہ ‘ڈیرہ اسماعیل خان‘ ٹانک ‘لکی مروت‘کرک‘بنوں‘کوہاٹ ‘پشاور وائٹ اور مانسہرہ شامل ہیں ‘انہوں نے بتایا کہ ٹیموں کو اے بی سی اور ڈی گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے ہر گروپ سے ایک ٹیم سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کرے گی ‘انہوں نے کہا کہ چیمپئن شپ کی آرگنائزنگ کمیٹی میں حاجی ملک ہدایت ‘ظاہر شاہ ‘وارث خان‘ فیصل جاوید ‘ڈی ایس او پشاور جمشید بلوچ‘شاکر اللہ ‘نور احمد ‘حاجی الیاس اور عبدالشکور شامل ہیں ‘پاکستان فٹبال ٹیم کے سابق کپتا اور چیئرمین پاکستان فٹبال ریفریز ایسوسی ایشن قاضی آصف بحیثیت میچ کمشنر فرائض سرانجام دیں گے ان کے ہمراہ دو فیفا ریفریز سید امتیاز علی شاہ اور حاجی سلیم بنگالی اپنے فرئاض سرانجام دیں گے ‘انہوں نے کہا کہ پانچ برس کے بعد طہماس فٹبال سٹیڈیم کو باقاعدہ تزئین و آرائش کے بعد کھولا گیا ہے جس پر بہت محنت کی گئی ہے اور اسے معیاری گرائونڈ بنا دیا گیا ہے جہاں تمام بہترین سہولتیں موجود ہیں‘انہوں نے بتایا کہ گرائونڈ کی گھاس جرمنی سے منگوائی گئی ہے انہوں نے اس سلسلے میں ڈی جی سپورٹس جنید خان کی کاوشوں کو بھی سراہا جن کی محنت سے یہ سب ممکن ہوا اور امید کی کہ وہ اپنی خدمات جاری رکھیں گے ۔