اے این ایف کی 33 ملک گیر کاروائیا ں،38 ملزمان گرفتار

1 ارب 50 کروڑ 35 لاکھ روپے مالیت کی 2.227 ٹن منشیات قبضے میں لے لی ، 10گاڑیاں ضبط

پیر 5 نومبر 2018 21:04

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 نومبر2018ء) منشیات کے خلاف عدم برداشت کا عملی مظاہرہ کرتے ہوئے اینٹی نارکوٹکس فورس پاکستان نے 33ملک گیر کاروائیوں کے دوران 1ارب 50کروڑ 35 لاکھ روپے بین الاقوامی مالیت کی2.227ٹن منشیات برآمد کر لیں جبکہ منشیات اسمگلنگ میں ملوث38ملزمان کوگرفتاراور10گاڑیاںبھی برآمد کر لی گئی۔ برآمد شدہ منشیات میں 1110.53 کلو گرام چرس،950 کلوگرام مارفین، 139.95کلو گرام افیون، 19.321کلوگرام ہیروئن، 3.5کلو گرام ایمفیٹامائن اور 3.758 کلوگرام میتھ ایمفیٹامائن شامل ہے۔

اے این ایف کوئٹہ نے ضلع پشین کی تحصیل بارشور کے علاقے کلی اصل درہ سے ایک ٹویوٹا لینڈ کروزر قبضے میں لے کر اس میں رکھی گئی 950 کلوگرام مارفین قبضے میں لے لی۔ اطلاعات پر مبنی ایک اور کاروائی کے دوران، اے این ایف کوئٹہ نے ضلع کلہ عبداللہ کی تحصیل گلستان کے علاقے کلی خرگئی میں واقع ایک برساتی نالے سے 956 کلوگرام چرس برآمد کر لی۔

(جاری ہے)

اطلاعات پر مبنی، تیسری کاروائی کے دوران ،اے این ایف کوئٹہ نے ضلع چاغی کی تحصیل دالبندین میں واقع سرجیل کے علاقے سے 100 کلوگرام افیون برآمد کر لی۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق برآمد شدہ منشیات کسی دیگر گروہ کے حوالے کرنے کی غرض سے چھپائی گئی تھی اور مناسب موقع پر اندرون و بیرون ملک اسمگل کی جانی تھی۔ اے این ایف راولپنڈی نے اسلام آباد ریلوے پھاٹک کے قریب سے ایک ٹویوٹا کرولا کار کو قبضے میں لے کر اس کے اندر خصوصی طور پر بنائے گئے خانوں میں چھپائی گئی 35 کلوگرام افیون اور 96 کلوگرام چرس برآمد کر لی۔

گاڑی میں موجود راولپنڈی کے رہائشی محمد رفیق، ملک نوید، علی شاہ اور اٹک کے رہائشی ناصر خان کو موقع پر گرفتار کر لیا گیا۔ دوسری کاروائی کے دوران ، اے این ایف راولپنڈی نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے پرواز نمبر PA-205 اور PK-319 سے دوہا روانہ ہونے والے مردان کے رہائشی خائستہ رحمان اور ہنگو کے رہائشی فیاض اکبر کو گرفتار کر کے ان سامان سے 2.955 کلوگرام ہیروئن برآمد کر لی۔

تیسری کاروائی کے دوران ، اے این ایف راولپنڈی نے فیصل آباد کے رہائشی محمود علی کو اسلام آباد کے سیکٹر ایف۔10 مرکز کے سروس روڈ پر واقع بینک الفلاح سے گرفتار کر کے ملزم کے قبضے سے 700 گرام ایمفیٹامائن برآمد کر لی۔ چوتھیکاروائی کے دوران ،اے این ایف راولپنڈی نے میرپور آزاد کشمیر کے رہائشی عثمان افتخار اور جہلم کے رہائشی رفاقت محمود کو اے پی ایکس کورئیر سروس کے گلزارِ قائد ، راولپنڈی میں واقع دفتر کے قریب سے گرفتار کر کے ملزمان کے قبضے سے 500 گرام ہیروئن برآمد کر لی۔

پانچویں کاروائی کے دوران، اے این ایف راولپنڈی نے پرواز نمبر GF-183 سے براستہ بحرین جدہ روانہ ہونے والے چارسدہ کے رہائشی نعمان خان کو اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے گرفتار کر کے اس کے سوٹ کیس میں چھپائی گئی 1.3 کلوگرام ایمفیٹامائن برآمد کر لی۔ چھٹی کاروائی کے دوران ،اے این ایف راولپنڈی نے لوئر دیر کے رہائشی منصور خان کوہیروئن بھرے کیپسولوں کی معدے میں موجودگی کے شبہ پر اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے گرفتار بینظیر شہید اسپتال راولپنڈی میں داخل کروایا جہاں ملزم کے پیٹ سے 376 گرام وزن کے 52 ہیروئن بھرے کیپسول برآمد ہوئے۔

ساتویں کاروائی کے دوران، اے این ایف راولپنڈی نے پی ایچ اے اپارٹمنٹس ، اسلام آباد کے قریب سے ایک سوزوکی سوئفٹ کار کو قبضے میں لے کر اس کی ڈگی میں چھپائی گئی 3 کلوگرام ہیروئن برآمد کر لی۔ گاڑی میں موجود پشاور کے رہائشی ولید احمد اور راولپنڈی کے رہائشی تیمور احمد کو موقع سے گرفتار کر لیا گیا۔ آٹھویں کاروائی کے دوران، اے این ایف راولپنڈی نے ایک سوزوکی 150 موٹر سائیکل قبضے میں لے کر اس کے ساتھ لٹکے ہوئے شاپنگ بیگ میں موجود 1.3 کلوگرام ہیروئن برآمد کر لی۔

موٹر سائیکل پر موجود اسلام آباد کے رہائشی امتیاز احمد کو موقع پر گرفتار کر لیا گیا۔ نویں کاروائی کے دوران، اے این ایف راولپنڈی نے اسلام آباد ایکپریس وے پر واقع کچنار پارک کے قریب سے ایک ٹویوٹا کرولا کار کو قبضے میں لے کر اس کے دروازے میں چھپائی گئی 1.2 کلوگرام ہیروئن برآمد کر لی۔ گاڑی میں موجود کوٹلی آزاد کشمیر کے رہائشی سید شاہ قیصر کو موقع پر گرفتار کر لیا گیا۔

دسویں کاروائی کے دوران، اے این ایف راولپنڈی نے اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ کے پارکنگ ایریا سے لاہور کے رہائشی محمد رمضان کو گرفتار کر کے ملزم کے ٹرالی بیگ میں چھپائی گئی 1.5 کلوگرام ایمفیٹامائن برآمد کر لی۔ گیارھویں کاروائی کے دوران، اے این ایف راولپنڈی نے اسلام آباد ایکسپریس وے پر واقع کھنا پُل کے قریب سے ایک سوزوکی مہران کار کو قبضے میں لے کر اس کے خفیہ خانوں میں چھپائی گئی 4 کلوگرام چرس برآمد کر لی۔

گاڑی میں موجود پشاور کے رہائشی تحسین اللہ اور محمد بلال کو موقع سے گرفتار کر لیا گیا۔ اے این ایف لاہور نے موٹروے ایم۔4 کے گوجرہ ٹال پلازہ کے قریب سے ایک سوزوکی مہران کار کو قبضے میں لے کر اس کے خفیہ خانوں میں چھپائی گئی 4.8 کلوگرام افیون اور 14.4 کلوگرام چرس برآمد کر لی۔ گاڑی میں موجود مہمند ایجنسی کے رہائشی فضل رازق اور باجوڑ ایجنسی کے رہائشی ضیاء الرحمٰن کو موقع سے گرفتار کر لیا گیا۔

دوسری کاروائی کے دوران، اے این ایف لاہور نے پرواز نمبر WY-344 سے ریاض روانہ ہونے والے صوابی کے رہائشی عظیم اللہ کو علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ ، لاہور سے گرفتار کر کے ملزم کے ٹرالی بیگ میں چھپائی گئی 1.084 کلوگرام میتھ ایمفیٹامائن برآمد کر لی۔ تیسری کاروائی کے دوران ، اے این ایف لاہور نے پرواز نمبر GF-767 سے براستہ بحرین جدہ روانہ ہونے والے جھنگ کے رہائشی محمد نواز کو علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے گرفتار کر کے اس کے ٹرالی بیگ میں چھپائی گئی 1.134 کلوگرام میتھ ایمفیٹامائن برآمد کر لی۔

چوتھی کاروائی کے دوران ،اے این ایف لاہور نے لاہور کے گارڈن ٹائون، کی برکت مارکیٹ میں واقع ایک کورئیر سروس کے دفتر سے برطانیہ روانہ ہونے والے ایک پارسل کو قبضے میں لے کر اس میں چھپائی گئی 500گرام ہیروئن برآمد کر لی۔ پانچویں کاروائی کے دوران ،اے این ایف لاہور نے پرواز نمبر WY-344 سے براستہ مسقط جدہ روانہ ہونے والے مالاکنڈ کے رہائشی انور زادہ کو علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ ، لاہور سے گرفتار کر کے ملزم کے ٹرالی بیگ میں چھپائی گئی 570 گرام میتھ ایمفیٹامائن (آئس) برآمد کر لی۔

چھٹی کاروائی کے دوران، اے این ایف لاہور نے خانیوال کے رہائشی وارث علی کو کھوہ دوسہ، ابھیپور ، مخدوم پور روڈ، کبیروالہ ، ضلع خانیوال سے گرفتار کر کے اس کے قبضے سے 150گرام افیون اور 350 گرام چرس برآمد کر لی۔ساتویں کاروائی کے دوران، اے این ایف لاہور نے پرواز نمبر EK-621 سے براستہ دبئی سعودی عرب روانہ ہونے والے بھکر کے رہائشی مہتاب علی کو سیالکوٹ انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے گرفتار کر کے اس کے ٹرالی بیگ میں چھپائی گئی 970 گرام میتھ ایمفیٹامائن برآمد کر لی۔

آٹھویں کاروائی کے دوران، اے این ایف لاہور نے ملتان کے رہائشی جمیل ارشد کو ٹیسٹی میرج گارڈن، بہاولپور روڈ، ملتان سے گرفتار کر کے ملزم کے قبضے سے 15 کلوگرام چرس برآمد کر لی۔ نویں کاروائی کے دوران، اے این ایف لاہور نے لاہور کے ایک کورئیرسروس آفس سے سپین روانہ کئے جانے والے ایک پارسل کو قبضے میں لے کر اس میں چھپائی گئی 1.44 کلوگرام ہیروئن برآمد کر لی۔

دسویں کاروائی کے دوران، اے این ایف لاہور نے ملتان کے جی پی اومیں واقع آئی ایم او آفس سے ایک بی ایم ڈبلیو کار کو قبضے میں لے کر اس کی ڈگی میں چھپائی گئی 18 کلوگرام چرس برآمد کر لی۔ گاڑی میں موجود خیبر ایجنسی کے رہائشی اکبر خان اور لاہور کے رہائشی محمد ساجد کو موقع پر گرفتار کر لیا گیا۔ اے این ایف پشاور نے اطلاعات پر مبنی ایک کاروائی کے دوران بدنامِ زمانہ منشیات اسمگلر محمد جہانگیر کے گھر پر چھاپہ مار کر گلف ممالک خصوصاً متحدہ عرب امارات کو منشیات اسمگلنگ کرنے والی ایک بین الاقوامی تنظیم کو تباہ کر دیا۔

کاروائی کے دوران ، اسمگلر محمد جہانگیر اور رئیس خان کو موقع پر گرفتار کر لیا گیا جبکہ مذکورہ گھر سے 4 کلوگرام ہیروئن بھی برآمد کر لی گئی۔ گھر میں کھڑی گاڑی سے مزید 2 کلوگرام ہیروئن برآمد کر لی گئی۔ اس کاروائی کے دوران، 2 عدد ایس ایم جی، 5 عدد میگزینیںاور 90 گولیاں بھی برآمد ہوئیں۔ کیس کی مزید پیشرفت کے نتیجے میں ملزمان کا ساتھی امتیاز اسلم دھین، پشاور سے گرفتار کر لیا گیا۔

دوسری کاروائی کے دوران ،اے این ایف پشاور نے موٹروے ٹال پلازہ پشاور کے قریب سے ایک سوزوکی مہران کار کو قبضے میں لے کر اس کی ڈگی میں سی این جی سلنڈر کے پاس بنائے گئے خفیہ خانوں میں چھپائی گئی 1.2 کلوگرام چرس برآمد کر لی۔ گاڑی میں موجود اسلام آباد کے رہائشی بلال مقصود اور لاہور کے رہائشی عثمان علی کو موقع سے گرفتار کر لیا گیا۔ تیسری کاروائی کے دوران، اے این ایف پشاور نے پرواز نمبر PK-285 سے قطر روانہ ہونے والے سوات کے رہائشی انور سید خان کو پشاور انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے گرفتار کر کے اس کے سامان میں چھپائی گئی 2.48 کلوگرام چرس برآمد کر لی۔

چوتھی کاروائی کے دوران، اے این ایف پشاور نے پرواز نمبر QR-601 سے دوہا روانہ ہونے والے اوڑک زئی ایجنسی کے رہائشی محمد یاسر کو پشاور انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے گرفتار کر کے اس کے سامان میں موجود 2 کرکٹ بالز میں چھپائی گئی 900 گرام چرس برآمد کر لی گئی۔ پانچویں کاروائی کے دوران، اے این ایف پشاور نے پشاور کے رہائشی سید مبشر بخاری کو ڈائیوو بس اڈہ پشاور کے قریب سے گرفتار کر کے اس کے جوتوں میں چھپائی گئی 1.2 کلوگرام چرس برآمد کر لی۔

چھٹی کاروائی کے دوران، اے این ایف پشاور نے ہری پور کے جھری خاص موٹروے ٹال پلازہ کے قریب سے ایک مسافر ہائی ایس کی تلاشی کے دوران اس میں موجود مسافر اشرف کے سامان میں سے 1 کلوگرام چرس برآمد کر کے ملزم کو موقع سے گرفتار کر لیا۔ اے این ایف کراچی نے اطلاعات پر مبنی ایک کاروائی کے دوران قطر ائیرویز کی پرواز نمبر QR-605 سے دوہا روانہ ہونے والے صوابی کے رہائشی ظاہر علی اور نوشہرہ کے رہائشی ممتاز خان کو جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ ،کراچی سے گرفتار کر کے ملزمان کے ٹرالی بیگ میں چھپائی گئی 800 گرام ہیروئن برآمد کر لی۔

دوسری کاروائی کے دوران، اے این ایف کراچی نے شاہراہِ فیصل پر واقع ایک نجی کورئیر سروس دفتر سے برطانیہ روانہ کئے جانے والے ایک پارسل کو قبضے میں لے کر اس میں موجود 4 چمڑے کی جیکٹوں میں چھپائی گئی 750 گرام ہیروئن برآمد کر لی۔ تیسری کاروائی کے دوران، اے این ایف کراچی نے کراچی میں واقع ایک اور کورئیر سروس آفس سے برطانیہ روانہ کئے جانے والے ایک پارسل کو قبضے میں لے کر اس میں موجود 7 زنانہ جوتوں کے جوڑوں میں چھپائی گئی 500گرام ہیروئن قبضے میں لے لی۔ تمام مقدمات اے این ایف کے متعلقہ تھانوں میں درج کر لئے گئے ہیں اور مزید تفتیش جاری ہے۔