کراچی میں خصوصاً اہم ترین تجارتی مرکز صدر میں تجاوزات کے خلاف کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے،میئر کراچی وسیم اختر

کارروائی کے دوران صدر کی اصل حالت کو بحال کرنے اور ایمپریس مارکیٹ کے اطراف قابضین سے علاقے کو خالی کرایا جائے گا

پیر 5 نومبر 2018 23:04

کراچی میں خصوصاً اہم ترین تجارتی مرکز صدر میں تجاوزات کے خلاف کارروائی ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 نومبر2018ء) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ کراچی میں خصوصاً اہم ترین تجارتی مرکز صدر میں تجاوزات کے خلاف کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے، اس کارروائی کے دوران صدر کی اصل حالت کو بحال کرنے اور ایمپریس مارکیٹ کے اطراف قابضین سے علاقے کو خالی کرایا جائے گا، یہ کارروائی پیر کو شروع ہوچکی جو تین مرحلوں میں مکمل ہوگی اور صدر اور ایمپریس مارکیٹ کی مکمل اصل حالت میں بحالی تک جاری رہے گی، سپریم کورٹ آف پاکستان کی ہدایت پر شہر کے تمام اسٹیک ہولڈر اداروں کی مشترکہ کوشش سے یہ کارروائی شروع کی گئی ہے، کراچی کے شہری صدر اور ایمپریس مارکیٹ کو اصل حالت میں دیکھ سکیں گے اور صدر میں عوام کو جو دشواریاں اور تکلیفیں ہو رہی تھیںاس سے نجات حاصل ہوگی، انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہوگی کہ اس کارروائی میں کسی کا نقصان نہ ہولہٰذا قابضین سے پہلے بھی کہا گیا ہے کہ انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں اور تجاوزات کو ازخود ہٹالیں تاکہ یہ کارروائی مکمل ہو، دریں اثناء بلدیہ عظمیٰ کراچی کے محکمہ انسداد تجاوزات نے دیگر اداروں کے ہمراہ پیر کو صدر کے اطراف مختلف شاہراہوں اور گلیوں میں تجاوزات کے خلاف کارروائی شروع کی جس میں فٹ پاتھوں پر بنے ہوئے ہر طرح کی تجاوزات کو صاف کردیا گیا، اس دوران 100 سے زائد پختہ دکانوں اور سینکڑوں ٹھیلوں اور پتھاروں کو ہٹایا گیا ،اس کارروائی میں 400 اہلکاروں پر مشتمل افرادی قوت نے حصہ لیاجبکہ تجاوزات کے خلاف اس کارروائی میں ضلعی انتظامیہ، رینجرز، پولیس، بلدیہ عظمیٰ کراچی کا محکمہ انسداد تجاوزات، ڈی ایم سی جنوبی اور شرقی، کنٹونمنٹ بورڈ،سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ ، سوئی سدرن گیس اور کے الیکٹرک کے متعلقہ ذمہ داران نے بھرپور حصہ لیا اور دائود پوتہ روڈ ، زیب النساء اسٹریٹ، مینسفیلڈاسٹریٹ، پاسپورٹ آفس سے ملحقہ تینوں گلیاں، نیو پریڈی اسٹریٹ، ایمپریس مارکیٹ اور پارکنگ پلازہ کے سامنے، ریگل چوک، نوید کلینک سمیت دیگر فٹ پاتھوں کو تجاوزات سے صاف کردیا، مختلف اداروں کے نمائندوں پر مشتمل 4 مختلف ٹیمیں بنائی گئی تھیں، مذکورہ ٹیموں نے علیحدہ علیحدہ کارروائیوں میں صدر کی مختلف فٹ پاتھوں پر سے تجاوزات کو صاف کردیا جہاں فٹ پاتھوں پر بہت ساری غیرقانونی دکانیں ، گنے کی مشینیں ، چبوترے، لوہے کا سامان سمیت دیگر اشیاء رکھی ہوئی تھیں جس کے باعث آنے جانے والوں کو فٹ پاتھوں پر چلنے کی سہولت میسر نہیں آرہی تھی اور ان فٹ پاتھوں پر بے پناہ تجاوزات کے قیام کے باعث یہاں سے گزرنے والے راہگیروں کو بہت زیادہ پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا، آپریشن کے دوران ضبط کئے گئے سامان کو بلدیہ عظمیٰ کراچی کے اسٹور میں جمع کرایا دیا ، پاسپورٹ آفس سے ملحقہ گلیوں میں کئی ہوٹل مالکان نے ہوٹلوں کے نام کے بڑے بڑے بورڈز اس طرح لگا رکھے تھے کہ وہ فٹ پاتھوں پر جھکے ہوئے تھے جنہیں محکمہ انسداد تجاوزات نے بلاتفریق کارروائی کرکے مکمل طور پر ہٹادیا اس موقع پر میٹروپولیٹن کمشنر ڈاکٹر سید سیف الرحمن نے کہا کہ دنیا بھر میں فٹ پاتھیں لوگوں کے چلنے کے لئے ہوتی ہیں اور فٹ پاتھوں پر کسی بھی طرح کی تجاوزات قائم نہیں کی جاتیں ، انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے احکامات پر من و عن عمل کیا جا رہا ہے اور یہ آپریشن تب تک جاری رہے گا جب تک تجاوزات کو مکمل طور پر صاف نہیں کردیا جاتا، انہوں نے کہا کہ مختلف نگراں کمیٹیاں بھی بنائی گئی ہیں جو اس بات کو یقینی بنائے گی کہ جن مقامات پر تجاوزات صاف کی گئی ہیں وہاں دوبارہ تجاوزات قائم نہ ہوسکیں، انہوں نے کہا کہ تجاوزات کے خلاف آپریشن شروع کرنے سے قبل مذکورہ علاقے میں بلدیہ عظمیٰ کراچی کی جانب سے مختلف بینرز لگانے کے ساتھ ساتھ مختلف پمفلٹس بھی تقسیم کردیئے گئے تھے تاکہ کاروباری حضرات تجاوزات کو ازخود ہٹا دیں ، ساتھ ہی ساتھ سائونڈ سسٹم کے ذریعے اعلانات بھی کرائے گئے تھے، انہوں نے کہاکہ تجاوزات کے خلاف شروع ہونے والا یہ آپریشن تین مرحلوں میں مکمل ہوگا، پہلے فیز میں صدر کی مختلف شاہراہوں کے اطراف فٹ پاتھوں پر قائم تجاوزات کو صاف کیا گیا ہے جبکہ اگلے دن دوسرے فیز میں وہ تجاوزات جو دکانوں کے ساتھ قائم ہیں انہیں ہٹایا جائے گا اور تیسرے فیز میں ایمپریس مارکیٹ کی اصل حالت کو واپس بحال کرنے کیلئے وہاں موجود تمام تجاوزات کو صاف کردیا جائے گا،انہوں نے کہا کہ ہمارا عزم ہے کہ ایمپریس مارکیٹ کو اس کی اصل حالت میں بحال کریں گے اور عدالتی احکامات پر ہر طرح سے عملدرآمد کو یقینی بنائیں گے۔