ہنگاموں سے نمٹنے کیلئے کراچی پولیس نے انسداد فسادات فورس میدان میں اتار دی

انسداد فسادات فورس کی ابتدائی نفری357، جلد ایک ہزار سے زائد اہلکار تعینات کئے جائیں گے، ڈاکٹرامیرشیخ

منگل 6 نومبر 2018 13:49

ہنگاموں سے نمٹنے کیلئے کراچی پولیس نے انسداد فسادات فورس میدان میں ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 نومبر2018ء) ہنگاموں،اشتعال انگیز مظاہروں ،خلاف قانون کارروائیوں اور ریلیوں سے نبردآزما ہونے کیلیے کراچی پولیس بھی بین الاقوامی طرز پر تیار ہوگئی ہے ،جس کیلئے انسداد فسادات فورس میدان میں اتار دی گئی ہے۔اینٹی رائٹس فورس کی تعارفی تقریب گزشتہ روز گارڈن پولیس ہیڈکوارٹر میں منعقد ہوئی، جس میں ایڈیشنل آئی جی کراچی ڈاکٹر امیر شیخ نے فورس سے خطاب کیا۔

تقریب میں ڈی آئی جی ایسٹ عامر فاروقی ضلعی ایس ایس پیز، ایس ایس پی ہیڈکوارٹر اور افسران نے شرکت کی۔اینٹی رائٹس فورس کا قیام زونل سطح پر کیا گیا ہے۔ نفری زونل ڈی آئی جیز کے ماتحت ہوگی شہر میں کسی بھی جگہ پر ہنگامی صورتحال کے پیش نظر یہ فورس حسبِ ضرورت طلب اور تعینات کی جائے گی۔

(جاری ہے)

کراچی پولیس چیف نے افسران و ملازمان کو ان کی ذمہ داریوں اور فورس کی افادیت سے تفصیلی طورپر آگاہ کیا۔

انسداد فسادات فورس کی ابتدائی نفری357، جلد ایک ہزار سے زائد اہلکار تعینات کئے جائیں گے۔ایڈیشنل تینوں زون کے 150 جوانوں کو بین الاقوامی طرز پر گیس ماسک سمیت تمام ضروری ساز و سامان سے لیس کردیا گیا ہے۔عام طور پر انسداد فسادات فورس کے اہلکار کے پاس اسلحہ نہیں ہوگا جوان مظاہرین کے ڈنڈوں اور پتھروں سے بچائو کے آلات سے لیس ہیں۔ ایسٹ پولیس ہیڈکوارٹر کے 3 اسکواڈ 150 اہلکاروں پر مشتمل ہیں، آئندہ دنوں میں مزید ایک ہزار اہلکار لئے جائیں گے۔

یہ جوان 3 ماہ تک انٹی راٹس فورس میں کام کریں گے، پھر مرضی کی پوسٹنگ ملے گی، دوسرے جوان ان کی جگہ لیں گے۔ انسداد فسادات فورس کراچی میں ہنگاموں مجمع خلاف قانون، ریلیوں اور احتجاج کو روکنے کیلے بنائی گئی ہے۔ڈاکٹر امیر شیخ کے مطابق اینٹی رائٹس فورس کے جوانوں کو احتجاج اور ریلیوں کے دوران حکمت عملی سے نمٹنے باقاعدہ ٹریننگ دی جا رہی ہے۔امیر شیخ کی جانب سے آنسوگیس چھوڑنے والے اہلکاروں کو دو دو جبکہ فورس کے تمام اہلکاروں ایک ایک ہزار روپے انعام دینے کا اعلان کیا گیا۔ڈاکٹر امیر شیخ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کا احترام پولیس پر لازم ہے، اہلکار عوام کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آئیں۔