شہرقائدکا موسم تبدیل، قندھار کی سرد ہوائیں چلنے لگیں،

سردی کے آثارنظر آنے لگے کراچی میں دسمبر اور جنوری میں مغربی سسٹم آنے سے سردی کی لہریں آنے کا بھی امکان ہے،محکمہ موسمیات شہر میں خنکی بڑھتے ہی بیماریوں میں بھی اضافہ ،وائرل انفیکشن نے بچوں اوربڑوں سب ہی کو اپنی لپیٹ میں لے لیا وائرل انفکیشن ایک سے دوسرے کو باآسانی منتقل ہوتا ہے اس لئے بچوں، خواتین اور بزرگ افراد کو خاص احتیاط کی ضرورت ہے، ماہرین صحت

منگل 6 نومبر 2018 13:49

شہرقائدکا موسم تبدیل، قندھار کی سرد ہوائیں چلنے لگیں،
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 نومبر2018ء) شہرقائدکا موسم تبدیل ہوگیا،قندھار کی سرد ہوائیں چلنے لگیں،جس کی وجہ سے کراچی میں سردی کے آثارنظر آنے لگے، شہر کی راتیں سرد اور صبح سویرے بھی موسم میں خنکی ہونے لگی۔تفصیلات کے مطابق کراچی میں موسم بدل رہا ہے، صبح سویرے اور رات میں خنکی بڑھنے کی وجہ سے رات میں پنکھے بند ہونے لگے، جبکہ کمبل اور چادروں کا استعمال شروع ہوگیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ان دنوں کراچی میں قندھار سے آنے والی سرد ہوائوں کا بسیرا ہے جومزید ایک دو روز چل سکتی ہیں،یہ خنک ہوائیں موسم سرما کی نوید سنارہی ہیں۔محکمہ موسمیات کے مطابق دسمبر سے مارچ کے درمیان شہر میں موسم سرما کی بارشیں بھی ہوسکتی ہیں، کراچی میں دسمبر اور جنوری میں مغربی سسٹم آنے سے سردی کی لہریں آنے کا بھی امکان ہے۔

(جاری ہے)

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی شہر میں اس وقت درجہ حرارت21 ڈگری سینٹی گریڈ ہے، 18کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں، جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 16فیصد ہے۔کراچی میں خنکی بڑھتے ہی بیماریوں میں بھی اضافہ ہو رہا ہے ، ماہرین طب کے مطابق شہر میں وائرل انفیکشن نے بچوں اوربڑوں سب ہی کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے جبکہ عوام کی ایک بڑی تعدادکھانسی، نزلہ، زکام سمیت وائرل انفکیشن میں بھی مبتلا ہو گئی ہے۔

سینئر ڈائریکٹر میڈیکل ہیلتھ سروسز ڈاکٹر بیربل گینانی کے مطابق بدلتے ہوئے موسم کے باعث اسپتالوں میں وائرل انفکیشن کے متاثرین کی تعداد کئی گنا بڑھ گئی ہے۔ڈاکٹروں کے مطابق بیماریوں سے بچائو کیلئے جہاں کھانے پینے میں احتیاط ضروری ہے، وہیں صفائی ستھرائی اور کھانے سے قبل ہاتھ صابن سے دوھونے بھی ضروری ہیں۔ماہرین طب کے مطابق وائرل انفکیشن ایک سے دوسرے کو باآسانی منتقل ہوتا ہے اس لئے بچوں، خواتین اور بزرگ افراد کو خاص احتیاط کی ضرورت ہے۔

متعلقہ عنوان :