Live Updates

وزیر اعظم عمران خان کی زیرصدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اہم اجلاس شروع ہوگیا

قومی سلامتی کے معاملات سمیت افغانستان اور لائن آف کنٹرول کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا.ذرائع

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 6 نومبر 2018 15:55

وزیر اعظم عمران خان کی زیرصدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اہم اجلاس شروع ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔06 نومبر۔2018ء) وزیر اعظم عمران خان کی زیرصدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اہم اجلاس شروع ہوگیا ہے. اجلاس کی صدارت وزیر اعظم کر رہے ہیں‘ اجلاس میں قومی سلامتی کے معاملات سمیت افغانستان اور لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا. وزیر اعظم ہاﺅس کے ذرائع کے مطابق اجلاس میں وزیر خزانہ اسد عمر، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی اور وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری جبکہ قومی سلامتی کے اداروں کی نمائندگی بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ،چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات‘ امیر البحر ایڈمرل ظفر محمود عباسی اور پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان اور ڈی جی انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) جنرل عاصم منیر کررہے ہیں.

ذرائع کے مطابق قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں وزیر اعظم اپنے حالیہ دورہ چین کے بارے میں بھی شرکا کو آگاہ کریں گے اور ملک کی موجودہ صورتحال سے متعلق بھی اہم امور زیر بحث آئیں گے. اجلاس میں سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال اور اس سے نمٹنے کی حکمت عملی پر غور کا امکان ہے.دوسری جانب وزیراعظم عمران خان کے آج قوم سے خطاب کا امکان ہے، خطاب کا حتمی فیصلہ قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کے بعد ہوگا.

اپنے خطاب میں وزیراعظم دورہ چین اورامن وامان کی صورتحال پر قوم کو اعتماد میں لیں گے. ذرائع کا کہنا ہے کہ خطاب کا حتمی فیصلہ قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کے بعد ہوگا، توقع ہے کہ وزیراعظم کا خطاب پونے 8 بجے ٹیلی کاسٹ کیاجائے گا۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق سرکاری ٹی وی کو ساڑھے4بجے وزیراعظم کے خطاب کی ریکارڈنگ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے. یاد رہے گذشتہ رات وزیراعظم عمران خان اپنا 5 روزہ دورہ چین مکمل کرکے وطن واپس پہنچے تھے، دورے کے موقع پر عمران خان نے چینی صدر شی جن پنگ کے علاوہ دیگر اعلیٰ عہدیداروں سے ملاقاتیں کیں اور ملکی معیشت پر تبادلہ خیال کیا.

وزیراعظم عمران خان کے دورہ چین پر پاک چین مذاکرات کا مشترکہ اعلامیہ بھی جاری کیا گیا تھا ، جس میں کہا گیا تھا کہ دونوں ملک اچھے ہمسائے، قریبی دوست اور قابل اعتماد شراکت دار ہیں. اعلامیہ میں کہا گیا تھا کہ باہمی دوستی وتعاون کا خطے اور خطے سے باہرامن واستحکام میں اہم کردار ہے، دونوں ملک باہمی تعلقات کو اسٹریٹجک اور طویل المدت تناظرمیں دیکھتے ہیں.
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات