پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفیٰ کمال کی گرفتاری کا امکان

muhammad ali محمد علی منگل 6 نومبر 2018 20:40

پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفیٰ کمال کی گرفتاری کا امکان
کراچی (اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔06 نومبر 2018ء) پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفیٰ کمال کی گرفتاری کا امکان۔ تفصیلات کے مطابق پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ اور کراچی کے سابق ناظم مصطفیٰ کمال کو گرفتار کر لیے جانے کا امکان ہے۔  اینٹی کرپشن کے تفتیشی افسر نے کراچی میں ٹریٹمنٹ پلانٹ کی زمین غیرقانونی الاٹ کرنے کے الزام میں سابق سٹی ناظم کراچی مصطفیٰ کمال کیخلاف مقدمہ درج کرنے کی سفارش کردی ہے۔

پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ اور 2006ء سے 2010ء تک کراچی کے ناظم رہنے والے مصطفیٰ کمال کیخلاف انسداد بدعنوانی کے تحت مقدمہ درج کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔ اینٹی کرپشن کے تفتیشی افسر نے ٹریٹمنٹ پلانٹ کی زمین غیر قانونی طور پر الاٹ کرنے کے الزام میں ایم کیو ایم کے سابق رہنماء اور سابق ناظم کراچی کیخلاف مقدمے کی سفارش کی، مصطفیٰ کمال پر قومی خزانے کو 9 ارب سے زائد نقصان پہنچانے کا الزام ہے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی ڈائریکٹر اینٹی کرپشن کا کہنا ہے کہ سرکاری پراپرٹی کے غلط استعمال کا کیس ہے، زمین لائنز ایریا ری سیٹلمنٹ پراجیکٹ کیلئے الاٹ کی گئی تھی۔ دوسری جانب چیئرمین پی ایس پی مصطفی کمال نے محکمہ اینٹی کرپشن میں جاری تحقیقات سے متعلق جوابات اینٹی کرپشن میں جمع کروادیئے ہیں جن میں انہوں نے چائنہ کٹنگ کے الزامات کو مسترد کیا ہے۔ مصطفی کمال نے اینٹی کرپشن کے تفیشی افسرکو پانچ صفحات پر مشتمل سوالنامے کا جواب اپنے وکیل کے ذریعے جمع کرایا ہے۔

انہوں نے اپنے جواب میں کہا ہے کہ پریڈی اور لائنز ایریا کے متاثرین کو آباد کرنے کے لیے محمود آباد میں زمین الاٹ کی، سٹی کونسل کی اجازت سے تمام کارروائی کی گئی۔مصطفی کمال نے اپنے جواب میں یہ بھی کہا ہے کہ سٹی ناظم سے لے کر اب تک مجھ پر کرپشن کا کوئی الزام ثابت نہیں ہوا۔