Live Updates

مولانا سمیع الحق کے قتل کے بعد وزیراعظم کی جان کو بھی خطرہ

تحریک لبیک کے رہنماوں کی جانب سے دھمکیاں دینے پر قوم سے خطاب کے دوران سخت الفاظ کے استعمال پر عمران خان کی زندگی شدید خطرات سے دوچار، سیکورٹی میں اضافے کی سفارش

muhammad ali محمد علی منگل 6 نومبر 2018 21:37

مولانا سمیع الحق کے قتل کے بعد وزیراعظم کی جان کو بھی خطرہ
اسلام آباد (اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔06 نومبر 2018ء) مولانا سمیع الحق کے قتل کے بعد وزیراعظم کی جان کو بھی خطرہ، تحریک لبیک کے رہنماوں کی جانب سے دھمکیاں دینے پر قوم سے خطاب کے دوران سخت الفاظ کے استعمال پر عمران خان کی زندگی شدید خطرات سے دوچار، سیکورٹی میں اضافے کی سفارش۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی جان کو شدید خطرات لاحق ہیں۔

اس حوالے سے سیاسی تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ جمعیت علماء اسلام س کے سربراہ مولانا سمیع الحق کے راولپنڈی میں قتل ہو جانے کے بعد وزیراعظم عمران خان کی جان کو بھی خطرہ ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے چین کے دورے پر روانہ ہونے سے قبل قوم سے ہنگامی خطاب کیا تھا۔ قوم سے خطاب کے دوران آسیہ بی بی قتل کیس فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے وزیراعظم نے آرمی چیف اور چیف جسٹس کو قتل کی دھمکیاں دی جانے کی شدید مذمت کی تھی۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے سخت الفاظ کا استعمال کرتے ہوئے وارننگ دی تھی کہ شرپسند اپنی کاروائیوں سے باز آجائیں، ورنہ ریاست کسی قسم کی برداشت کا مظاہرہ نہیں کرے گی۔ وزیراعظم نے ہر حال میں ریاست کی رٹ قائم کرنے کا اعلان کیا تھا۔ اس تقریر کے بعد وزیراعظم عمران خان کو بھی تحریک لبیک کے رہنماوں کی جانب سے قتل کی دھمکیاں دی گئی تھیں۔ دھمکی دی گئی تھی کہ جو کچھ سابق گورنر پنجاب مقتول سلمان تاثیر کیساتھ ہوا، وہ کچھ وزیراعظم عمران خان کیساتھ بھی ہو سکتا ہے۔

اسی باعث اب تجزیہ کاروں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کو ان دھمکیوں کو سنجیدگی سے لینا چاہیئے، اور اپنی سیکورٹی میں ہر ممکن طور پر اضافہ بھی کرنا چاہیئے۔ وزیراعظم کو اپوزیشن جماعتوں کی تنقید کی پرواہ نہ کرتے ہوئے اپنی بھرپور سیکورٹی کو ہر صورت یقینی بنانا چاہیئے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات