Live Updates

پاکستان تحریک انصاف کے رکن اسمبلی ڈاکٹرعامر لیاقت حسین پر فرد جُرم عائد

ڈاکٹر عامر لیاقت حسین پر توہین عدالت کے مقدمے میں فرد جُرم عائد کی گئی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 7 نومبر 2018 12:25

پاکستان تحریک انصاف کے رکن اسمبلی ڈاکٹرعامر لیاقت حسین پر فرد جُرم ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 07 نومبر 2018ء) : سپریم کورٹ آف پاکستان میں پاکستان تحریک انصاف کے رکن اسمبلی ڈاکٹر عامر لیاقت حسین پر فرد جُرم عائد کردی گئی۔ تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر عامر لیاقت حسین پر فرد جُرم توہین عدالت کیس میں عائد کی گئی۔ سماعت کے دوران جسٹس اعجاز الاحسن نے استفسار کیا کہ ڈپٹی اٹارنی جنرل صاحب! آپ نے فرد جُرم تیار کی ہے؟ وکیل عامر لیاقت حسین نے کہا کہ میرا موکل عدالت سے غیر مشروط معافی مانگنا چاہتا ہے جس پر جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ آج معاملہ فرد جُرم سے متعلق ہے۔

معافی کا معاملہ پھر کبھی مناسب وقت میں دیکھیں گے۔ جس کے بعد ڈاکٹر عامر لیاقت حسین پر آرٹیکل 204/3 کے تحت فرد جُرم عائد کر دی گئی۔ واضح رہے کہ گذشتہ ماہ 30 اکتوبر کو چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے تحریک انصاف کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت حسین کی توہین عدالت کے معاملے پر معافی کو مسترد کرتے ہوئے ان پر فرد جرم عائد کرنے کا حکم دیا تھا۔

(جاری ہے)

دوران سماعت چیف جسٹس نے کہا کہ عامرلیاقت عدالت اور عدالتی احکامات کی تضحیک کرتے رہے ہیں جس پر عامر لیاقت نے جواب دیا کہ عدالت سے غیر مشروط معافی مانگنا چاہتا ہوں۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ ہم نے اس عدالت کی عزت بڑھائی ہے، آپ عدالتوں کی تضحیک کرتے ہیں ،بعد میں معافی مانگتے ہیں۔ فرد جُرم عائد ہونے کے بعد ڈاکٹر عامر لیاقت پر نا اہلی کی تلوار بھی لٹکنا شروع ہو گئی ہے جبکہ ان کی گرفتاری کا بھی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ واضح رہے کہ قبل ازیں مسلم لیگ ن کے دو رہنماؤں دانیال عزیز اور طلال چوہدری کو بھی توہین عدالت کیس میں نااہل کیا جا چکا ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات