دبئی پولیس نے چوری کی خطرناک ترین واردات سے متعلق تفصیلات جاری کر دیں

پولیس نے 3 لاکھ درہم مالیت کا ہیرا چرا کر اسمگل کرنے والے بھارتی جوڑے کو 20 گھنٹوں کے اندر گرفتارکرلیا

بدھ 7 نومبر 2018 12:43

دبئی پولیس نے چوری کی خطرناک ترین واردات سے متعلق تفصیلات جاری کر دیں
دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 نومبر2018ء) دبئی کی پولیس نے 3 لاکھ درہم مالیت کا 3.27 قیراط کا ہیرا چٴْرا کر اسمگل کرنے والے ایشیائی جوڑے کو بیرون ملک جانے کے بعد 20 گھنٹوں کے اندر ہی اپنی تحویل میں لے لیا۔ اس جوڑے نے دبئی کے علاقے نائف میں واقع سوک گولڈ کی ایک دکان سے مذکورہ ہیرا چٴْرایا تھا جس کے بعد چوری میں شامل عورت نے اس کو اپنے پیٹ میں نگل لیا۔

واضح رہے کہ دکان کے مالک نے پولیس کو اپنے ہاں سے ہیرا چوری ہو جانے کی اطلاع واردات کے تین گھنٹوں کے بعد دی تھی۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق یہ جوڑا ہیرا چرانے کے بعد ممبئی کے راستے ہانگ کانگ کے لیے روانہ ہو چکا تھا۔ تاہم انٹرپول اور انڈین پولیس کے تعاون سے ان کو ممبئی کے ہوائی اڈے پر حراست میں لینے کے بعد دوبارہ متحدہ عرب امارات پہنچا دیا گیا۔

(جاری ہے)

دبئی پولیس کی جانب سے سی سی ٹی وی فوٹیجز کے مطابق جوڑے میں شامل مرد نے دکان کے عملے کو ہیرے دکھانے کے بہانے باتوں میں لگا لیا۔ اس دوران عورت نے بیرونی دروازے کے قریب شیشے کے شو کیس کو کھول کر وہاں سے ایک ہیرا چٴْرا لیا اور اپنی جیکٹ میں چٴْھپا لیا۔اس کے بعد یہ جوڑا ایک شاپنگ مال میں گیا جہاں کی سی سی ٹی وی فوٹیجز سے معلوم ہوتا ہے کہ دونوں نے اپنے کپڑے تبدیل کر لیے اور پھر نکل کر دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا رخ کیا۔

اس دوران دکان کے مالک کو چوری کا علم ہوا تو اس نے فورا پولیس کو اطلاع دی تاہم جب تک واردات کو تین گھنٹے گزر چکے تھے۔ اس تاخیر کا فائدہ اٹھا کر یہ جوڑا دبئی سے پرواز کرنے میں کامیاب ہو گیا۔دبئی پولیس میں جرائم کی تحقیقات کے شعبے کے سربراہ کرنل عادل الجوکر کے مطابق مشتبہ جوڑے اور ان کی پرواز کے متعلق تمام تر معلومات انٹرپول کے ذریعے انڈین پولیس تک پہنچا دی گئیں۔ اس کے نتیجے میں جوڑے کو ممبئی ایئرپورٹ پر گرفتار کر لیا گیا اور پہلی پرواز سے ہی واپس دبئی بھیج دیا گیا۔