Live Updates

دیوالی تہوار‘ وزیراعظم ، سپیکر ، ڈپٹی سپیکر کا ہندو اراکین پارلیمنٹ اور ہندو برادری کو مبارکباد

ہماری ہندو برادری کو دیوالی کی ڈھیروں خوشیاں مبارک ہو‘ وزیراعظم عمران خان ملک کی خوشحالی اور ترقی میں ہندو برادری کے خدمات قابل ستائش ہیں‘ پاکستان میں تمام اقلیتوں کو مساوی حقوق حاصل ہیں‘ سپیکر ، ڈپٹی سپیکر، اپوزیشن لیڈر شہباز شریف، مریم اورنگزیب

بدھ 7 نومبر 2018 16:38

دیوالی تہوار‘ وزیراعظم ، سپیکر ، ڈپٹی سپیکر کا ہندو اراکین پارلیمنٹ ..
ْ اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 نومبر2018ء) وزیراعظم عمران خان، اسپیکر قوی اسمبلی اسد قیصر اور ڈپٹی اسپیکر قاسم خان سوری نے دیوالی کے موقع پر ہندو اراکین پارلیمنٹ اور ملک کی ہندو برادری کو مبارک باد دی۔وزیراعظم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ کیا کہ ہماری ہندو برادری کو دیوالی کی ڈھیروں خوشیاں مبارک۔اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا کہنا تھا کہ پاکستان مختلف مذاہب کے ماننے والوں کا مسکن ہے اور مختلف ثقافتوں کا آئینہ دار ہے، یہاں تمام قومیتوں کے تہواروں کو بھرپور جوش وجذبے سے منایا جاتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک کی خوشحالی اور ترقی میں ہندو برادری کے خدمات قابل ستائش ہیں، پاکستان میں تمام اقلیتوں کو مساوی حقوق حاصل ہیں۔

(جاری ہے)

ڈپٹی اسپیکر قاسم خان سوری کا کہنا تھا کہ قومی ترقی، اتحاد اور یکجہتی کے لیے ہندو برادری نے ہمیشہ ملکی مفاد کو سامنے رکھا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت اقلیتوں کے تمام مسائل کو ترجیح بنیادوں پر حل کرے گی۔

علاوہ ازیں پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے بھی دیوالی پر ہندوبرادری کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ ہندو برادری پاکستان میں برابر کے شہری ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ غیرمسلموں نے پاکستان کے قیام، دفاع، تعمیر اور ترقی میں خدمات انجام دی ہیں۔مسلم لیگ (ن)کی ترجمان مریم اورنگ زیب نے ایک جاری بیان میں کہا کہ نوازشریف اور شہبازشریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن)غیرمسلم پاکستانیوں کی فلاح وبہبود کے لیے کام کرتی رہے گی۔

دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی ہندو برادری دیوالی کا تہوار منارہی ہے اور ہندو دیوالی یا دیپ والی کو خوشیوں اور روشنیوں کے تہوار کے طور پر مانتے ہیں۔ہندو عقائد کے مطابق دیوالی کو رام چندرجی کی بن واس سے واپسی کا دن تصور کیا جاتا ہے، بعض روایات میں اس دن کو دولت کی دیوی لکشمی سے بھی منسوب کیا جاتا ہے۔پانچ روز تک جاری رہنے والے اس تہوار میں خصوصی عبادات کے ساتھ ساتھ گھروں کو سجایا جاتا ہے، ایک دوسرے کو مٹھائیاں کھلائی اور تحائف تقسیم کئے جاتے ہیں اور خوشی کے اظہار کے لیے پٹاخے بھی چلائے جاتے ہیں۔دیوالی پر دیپ یا دئیے گھروں، گلیوں اور مندروں میں روشن کیے جاتے ہیں جو برائی پر اچھائی کی فتح کی علامت سمجھے جاتے ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات