آئی جی پنجاب کی ہدایت پرپنجاب پولیس کے افسروں کیلئے صوبہ بھر میںتربیتی ورکشاپس 12نومبر سے شروع ہونگی

تربیتی ورکشاپ میںہر گروپ 20افسروں اور اہلکاروں پر مشتمل ہو گا پہلے سے تربیت یافتہ ٹرینرز آف ٹریننگ تربیت د ینگے

بدھ 7 نومبر 2018 19:09

آئی جی پنجاب کی ہدایت پرپنجاب پولیس کے افسروں کیلئے صوبہ بھر میںتربیتی ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 نومبر2018ء) آئی جی پنجاب، امجد جاوید سلیمی کی ہدایات کے مطابق صوبے بھر میں پنجاب پولیس کے کانسٹیبل سے لے کر ڈی پی او رینک تک کے افسروں کے لیے 2ہفتے پر مشتمل تربیتی ورکشاپس 12نومبر سے شروع کی جارہی ہیںاور اس سلسلے میں تربیتی کورسز کے ماڈیولز کا جائزہ لینے کے لیے ایڈیشنل آئی جی ٹریننگ پنجاب، طارق مسعود یسین کی سربراہی میں ایک اہم اجلاس سنٹرل پولیس آفس لاہور میں منعقد ہوا۔

اجلاس میں ڈی آئی جی ٹریننگ، محمد ادریس، اے آئی جی ٹریننگ، زاہد نواز مروت اور سائیکالوجسٹ خواتین کے علاوہ دیگر افسران نے شرکت کی ۔ آئی جی پنجاب کے ویژن کے مطابق ان تربیتی ورکشاپس کا بنیادی مقصد تھانوں کے ماحول کو بہتر کرنا، تشدد سے گریز کرنا، خدمات کی فراہمی کو یقینی بنانا، شہریوں اور ماتحتوں سے مئوثر رابطہ اور تعاون کے علاوہ اختیارات سے تجاوز کے واقعات کو روکنا ہے۔

(جاری ہے)

میٹنگ میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ تربیتی ورکشاپ میںہر گروپ 20افسروں اور اہلکاروں پر مشتمل ہو گا جن کو پہلے سے تربیت یافتہ ٹرینرز آف ٹریننگ تربیت دیں گے۔ تربیتی ورکشاپس میں سب سے زیادہ فوکس سروس ڈیلیوری، رویہ، پولیس کے بارے میں عمومی منفی تاثر کو ختم کرنا، اختیارات کا ناجائزہ استعمال، تھانوں میں صفائی ستھرائی کے ساتھ مجموعی طور پر ماحول کی بہتری، ناکوں پر اہلکاروں کی تربیت،سنیپ چیکنگ، پٹرولنگ، چھاپوں کے دوران چادر اور چار دیواری کے تحفظ کی تربیت کے علاوہ اہلکاروں کی سائکالوجیکل ، تبدیلی کے علاوہ بچوں کے ساتھ زیادتی کے واقعات کی صورت میں تفتیشی عمل کی تربیت اور ہومیسائیڈ سیلز کے تحت قتل کے مقدمات کی تفتیش کے ساتھ ساتھ اسلحہ ڈپو کی صفائی، فرنٹ ڈیسک کے حوالے سے بھی ورکشاپس میں تربیت دی جائے گی۔

اس کے علاوہ مارکیٹس کے مسائل، تعلیمی اداروں ، مساجد اور چرچوں کی سیکیورٹی ، ٹریفک کے مسائل، ڈینگی کی ٹیم کی سیکیورٹی ،جائے وقوعہ پر فوری پہنچنے کے علاوہ پولیس کی طرف سے فراہم کی جانے والی سروسز بشمول کریکٹر سرٹفیکیٹ، NOCکے اجراء اور ملازمین کے سابقہ کردار کی شناخت اور جانچ پڑتال جیسے تربیتی کورسز ورکشاپ میں شامل ہوں گے ۔ 12نومبر سے شروع ہونے والی ورکشاپ کو 2ہفتے میں مکمل کر لیا جائے گا۔ جس کی باقاعدہ رپورٹ آئی جی پنجاب کو پیش کی جائے گی۔