شریف برادران نے کارکنوں کے خلاف جھوٹے مقدمات درج کروائی: ڈاکٹر طاہرالقادری

کارکنوں کے خلاف 56جھوٹے مقدمات درج کروائے گئی: گفتگو کارکنوں کی بریت پر مبارکباد اور ان کے جذبہ استقامت کو سراہا

بدھ 7 نومبر 2018 19:37

شریف برادران نے کارکنوں کے خلاف جھوٹے مقدمات درج کروائی: ڈاکٹر طاہرالقادری
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 نومبر2018ء) قائد تحریک منہاج القرآن سربراہ پی اے ٹی ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا ہے کہ 4سال کے بعد ہمارے 64 عہدیداران کو انسداد دہشتگردی سرگودھا نے بے گناہ قرار دیکر باعزت بری کر دیا، ان عہدیداران کو سانحہ ماڈل ٹائون کے تناظر میں شریف برادران کے حکم پر جھوٹے مقدمات میں ملوث کیا گیا تھا، کارکنوں کی استقامت اور مشن سے محبت پر میں انہیں مبارکباد دیتا ہوں، وہ گذشتہ روز عوامی لائیرز موومنٹ کے راہنمائوں سے گفتگو کر رہے تھے، انہوں نے کہا کہ سابق حکمرانوں نے صوبہ بھر میں 56جھوٹے مقدمات درج کروائے اور سینکڑوں کارکنوں کو ناجائز ملوث کیا، قانون اور امن کے پاسدار کارکنوں کو جھوٹے مقدمات میں الجھانے والے آج سچے مقدمات بھگت رہے ہیں اور پوری دنیا کے سامنے نشان عبرت بنے ہوئے ہیں،ہمیشہ کہتے رہے کہ اللہ کی لاٹھی بے آواز ہے وہ جب حرکت میں آئے گی تو وقت کے فرعون اپنے انجام سے دوچار ہونگے،ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ شریف برادران نے کارکنوں پر ظلم کے پہاڑ توڑے، ریاستی طاقت کا بے رحم استعمال کیا، معصوم لوگوں کا خون بہایا،انہوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹائون کے ظلم کے بعد صوبہ بھر میں کارکنوں کے خلاف کریک ڈائون کیا گیا تاکہ قاتل حکمرانوں کے خلاف کوئی گواہ نہ بن سکے، اسی پکڑ دھکڑ میں قاتلوں نے مرضی کی جے آئی ٹی بنا کر کلین چٹیں لے لیں اور انصاف کا خون کیا، انہوں نے کہا کہ شہدائے ماڈل ٹائون کے ورثاء نے نئی جے آئی ٹی کی تشکیل کے لیے چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کو درخواست دے رکھی ہے جس پر وہ سماعت کے منتظر ہیں، سانحہ ماڈل ٹائون کیس کی از سر نو تحقیقات ناگزیر ہے، انہوں نے مزید کہا کہ شہدائے ماڈل ٹائون کو انصاف دلوانے کے لیے 4سال سے مقدمات کی پیروی کر رہے ہیں اور انصاف کے منتظر ہیں۔