گورنرسندھ عمران اسماعیل سے ایئر وائس مارشل احسن رفیق چوہدری کی ملاقات

دفاعی صلاحیتوں میں اضافہ کے لئے اٹھائے گئے اقدامات سمیت اہمیت کے حامل دیگر امور پر تبادلہ خیال

بدھ 7 نومبر 2018 20:01

گورنرسندھ عمران اسماعیل سے ایئر وائس مارشل احسن رفیق چوہدری کی ملاقات
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 نومبر2018ء) گورنرسندھ عمران اسماعیل سے ایئر آفیسر کمانڈنگ سدرن ایئر کمانڈ ایئر وائس مارشل احسن رفیق چوہدری نے گورنرہائوس میں ملاقات کی ۔ ملاقات میں پاک فضائیہ کے اقدامات ، آپریشنل تیاریوں ، فضائی سرحدوں کی حفاظت کے لئے عصر حاضر کے تقاضوں کے مطابق ڈھالنے سمیت اہمیت کے حامل دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔

اس موقع پر گورنر سندھ نے کہا کہ پاک فضائیہ ہر قسم کے چیلنجز سے نبر د آزما ہونے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے پوری قوم کو اپنی پاک فضائیہ پر فخر ہے ، فضائی سرحدوں کے محافظ ادارہ کو عصر حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لئے موجودہ حکومت ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی ۔ ملاقا ت میں ایئر وائس مارشل احسن رفیق چوہدری نے کہا کہ پاک فضائیہ قوم کی توقعات پر پورا اترنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے ، فضائی سرحدوں کی حفاظت کے لئے پاک فضائیہ چاق و چوبند ہے ،ہر قسم کے چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کی بھرپور صلاحیت حاصل کرلی ہے ۔

(جاری ہے)

دریں اثناء گورنرسندھ عمران اسماعیل سے گورنرہائوس میں فلائنگ آفیسر مریم مختار کی والدہ ریحانہ مختار نے ملاقات کی ۔ ملاقات میں گورنرسندھ نے کہا کہ مریم مختار نے جام شہادت نوش کرکے ایک عظیم مثال قائم کی ہے جسے پوری قوم قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے ، فلائنگ آفیسر وطن عزیز کے دفاع میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی شدید خواہش مند تھیں اور اس عظیم مقصد میں انہوں نے شہادت کا اعلیٰ مقام حاصل کیا ۔

ریحانہ مختار نے کہا کہ ان کی صاحبزادی وطن عزیز پر نچھاور ہوگئی ہیں جس پر انھیں فخر ہے ، شہید بیٹی کا پاک فضائیہ میں شامل ہونے کے بعد جذبہ حب الوطنی دیدنی تھا ہمیشہ وطن پر جان نثار کرنے کے عزم کا اظہار کرتی رہتی تھی ، اللہ تعالیٰ نے اس کی اس خواہش کو پایہ تکمیل پر پہنچادیا ، شہید کی ماں کہلانا میرے لئے کسی اعزاز سے کم نہیں ۔