بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ، پاک فوج کا جوان ظہیر احمد شہید ہو گیا

پاک فوج کی جوابی کارروائی میں دشمن کی چوکیوں کو نشانہ بنایا گیا۔ آئی ایس پی آر

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 8 نومبر 2018 12:36

بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ، پاک فوج کا جوان ظہیر احمد شہید ہو گیا
سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 08 نومبر 2018ء) : بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول پر ایک مرتبہ ہھر سے بلا اشتعال فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک پاک فوج کا جوان شہید ہو گیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی فوج نے ایک مرتبہ پھر سے لائن آف کنٹرول پر سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے تھب سیکٹر پربلااشتعال فائرنگ کی۔

بھارتی فورسز کی بلااشتعال فائرنگ سے پاک فوج کا سپاہی ظہیراحمد شہید ہوگیا۔ شہید سپاہی ظہیر احمد کا تعلق سلطان پور بھمبر سے ہے۔بھارتی ہٹ دھرمی کے جواب میں پاک فوج نے مؤثر اور جوابی کارروائی کرتے ہوئے دشمن کی چوکیوں کو نشانہ بنایا گیا۔ پاک فوج کی بھرپور جوابی کارروائی کے بعد بھارتی فوج کی بندوقیں بھی خاموش ہو گئیں۔

(جاری ہے)



واضح رہے کہ رواں ماہ 2 نومبر کو بھی بھارتی فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کی گئی تھی۔

بھارتی فوج کی فائرنگ سے 2 بچوں کی والدہ منزہ بی بی شہید ہوگئی تھیں۔ پاکستان نے بھارتی فوج کی ہٹ دھرمی پر بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ کو دفترِ خارجہ طلب کیا اور واقعے پر شدید احتجاج ریکارڈ کروایا تھا۔ واضح رہے کہ بھارت لائن آف کنٹرول پر سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اپنی روایتی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتا رہتا ہے۔ بھارت رواں سال 2018ء میں 2312 مرتبہ لائن آف کنٹرول پر سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کر چکا ہے۔