علامہ اقبال کی شخصیت پر ملت اسلامیہ ہمیشہ فخر کرتی رہے گی‘ سردار محمد مسعود خان

اتحادمسلمانوں کے لیے اقبال کا پیغام ہے تاکہ ملت اسلامیہ ہر طرح کے سیاسی ، اقتصادی اور معاشرتی سامراج کے مقابلے میں مضبوط اور توانا قوت بن کر ابھرے ، انسانیت کی فلاح و بہبود کے لیے موثر کردار ادا کر سکے، صدر آزاد کشمیر علامہ اقبال نے اپنے کلام کے ذریعہ جہاں ساری دنیا کے مسلمانوں کو ان کی عظمت رفتہ کی یاد دلاتے ہوئے نئی زندگی کے نئے تقاضوں میں سرگرم حصہ لینے کیلئے آمادہ کیا وہیں پر انہوں نے کشمیری عوام کے اضطراب اور زبوں حالی کا خاص طور پر ذکر کیا، یوم ولادت علامہ محمد اقبال پر پیغام

جمعرات 8 نومبر 2018 17:29

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 نومبر2018ء) صدر آزاد جموں وکشمیر سردار محمد مسعود خان نے کہا ہے کہ علامہ اقبال برصغیر کی ایسی تابناک شخصیت تھے جن پر ملت اسلامیہ ہمیشہ فخر کرتی رہے گی ۔ وہ بڑے فلسفی اور عظیم شاعر ہونے کے علاوہ ایک ماہر قانون اور صاحب بصیرت سیاستدان بھی تھے ۔-- اتحادمسلمانوں کے لیے اقبال کا پیغام ہے تاکہ ملت اسلامیہ ہر طرح کے سیاسی ، اقتصادی اور معاشرتی سامراج کے مقابلے میں مضبوط اور توانا قوت بن کر ابھرے اور انسانیت کی فلاح و بہبود کے لیے موثر کردار ادا کر سکے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے شاعر مشرق حضرت علامہ اقبال کے یوم ولادت کے موقع پراپنے پیغام میں کیا۔صدر سردار محمدمسعود خان نے کہا کہ علامہ اقبال نے اپنے کلام کے ذریعہ جہاں ساری دنیا کے مسلمانوں کو ان کی عظمت رفتہ کی یاد دلاتے ہوئے نئی زندگی کے نئے تقاضوں میں سرگرم حصہ لینے کیلئے آمادہ کیا وہیں پر انہوں نے کشمیری عوام کے اضطراب اور زبوں حالی کا خاص طور پر ذکر کیا ان کے کلام میں جا بجا کشمیری مسلمانوں کی غلامی کا ذکر موجود ہے اور انہوں نے اپنے کلام کے ذریعہ کشمیرکی حالت زار پر فارسی اور اردو کلام میں نہ صرف دکھ کا اظہار کیا بلکہ ان کے دکھوں کا موثر عندیہ بھی دیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ باہمی اتفاق و اتحاد کے ذریعہ ہی اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کر سکتے ہیں ۔ چنانچہ انہوں نے مسلمانوں کو زندگی کے ہر موڑ پر سخت محنت اور ریاضت سے کام کرنے اور دوسروں کے سامنے سرنگوں ہونے سے بچنے کی تلقین کی ۔ یہ علامہ اقبال کے کلام اور تعلیمات ہی کا اعجاز تھا کہ کشمیری عوام نے ایک ایسے وقت میں پاکستان کے ساتھ الحاق کی تاریخی قرارداد منظور کی جب ابھی پاکستان منصہ شہود ہی پر نہیں آیا تھا ۔کشمیری عوام اپنی جد وجہد شد ومد سے جاری رکھے ہوئے ہیں اور انشاء اللہ وہ دن زیادہ دور نہیں جب وہ اپنی جد وجہد میں کامیاب ہونگے ۔