Live Updates

نیب کے پیچھے نیازی ہے اور نیب بغل بچہ بنا ہوا ہے ،وزیراعظم کا کشکول اٹھا کر پھرنا پاکستان کی تضحیک ہے ‘ حمزہ شہباز

عمران خان مسٹر کلین بننے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں ، ہمیں کسی بات کی فکر نہیں اور ڈٹ کر مقابلہ کریں گے، نیب اداروں پر ایک دھبہ ہے ‘میڈیا سے گفتگو

جمعرات 8 نومبر 2018 18:29

نیب کے پیچھے نیازی ہے اور نیب بغل بچہ بنا ہوا ہے ،وزیراعظم کا کشکول ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 نومبر2018ء) پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہبا ز نے کہا ہے کہ نیب کے پیچھے نیازی ہے اور نیب بغل بچہ بنا ہوا ہے ،وزیراعظم کا کشکول اٹھا کر پھرنا پاکستان کی تضحیک ہے ، عمران خان مسٹر کلین بننے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں ، ہمیں کسی بات کی فکر نہیں اور ڈٹ کر مقابلہ کریں گے، نیب اداروں پر ایک دھبہ ہے اور ہم سے غلطی ہوئی کہ اس کالے قانون کو ختم نہیں کر سکے ۔

پنجاب اسمبلی کے احاطے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے کہا کہ میں خود احتساب عدالت میںموجود ہوتا ہوں جب نیب سے پوچھا جاتا ہے کہ شہباز شریف پر کوئی کرپشن ثابت ہوئی تو جواب ملتا ہے کہ ابھی انکوائری کررہے ہیں ۔ نیب کے حوالے سے سپریم کورت کی آبزرویشن موجود ہیں ۔

(جاری ہے)

نیب کے پیچھے نیازی چھپا ہوا ہے اور نیب بغل بچہ بنا ہا ہے ۔میں حقائق پر مبنی باتیں کر رہا ہوں اور قوم ان سے آگاہ ہے ۔

انہوں نے کہا کہ دوسروں کو ڈرانا دھمکانا اصل میں عمران کان کے اندر کا خوف ہے جو بار بار ان کی زبان پر آرہا ہے کیونکہ آپ عوام کے ووٹوں پر ڈاکہ ڈال کر جعلی وزیر اعظم بنے ہو ۔ آپ سوچ رہے ہیں کہ پچاس لاکھ گھرکیسے بنیں گے ، آپ چار ووٹوں کی اکثریت سے وزیر اعظم ہیں ۔ آ پ کی اپنی کابینہ میں وہ لوگ بیٹھے ہیں جن پر نیب کے ریفرنسز ہیں ، آپ خود بھی مسٹر کلین نہیں اور آپ نیب میں سرکاری ہیلی کاپٹر کے غیر قانونی استعمال پر پیشیاں بھگت چکے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ آپ نے کنٹینر پر کھڑے ہو کر جو وعدے کئے ہیں وہ ایک ایک کر کے جھوٹ ثابت ہو رہا ہے اور اس پر قوم آپ کا محاسبہ کرے گی اور آپ کو چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی ۔حمزہ شہباز نے کہا کہایک ماہ گزر گیا نیب شہباز شریف کے خلاف کچھ ثابت نہیں کر سکا آپ سمجھتے ہو کہ ہم احتساب سے ڈر گئے ہیں تو ایسا نہیں ۔ جب آپ ڈکٹیٹر کی جھولی میں جھولے لے رہے تھے اور ریفرنڈم کے گیت گا رہے تو میں اس وقت بھی نیب کی پیشیاں بھگت رہا تھا ۔

اس وقت بھی نواز شریف اور شہباز شریف سر خرو ہوئے تھے اور آج بھی نتیجہ مختلف نہیں ہوگا۔انہوں نے کہا کہ نیب کے لوگ چینلز پر بیٹھ کرصفائیاں دے رہے ہیں ۔ نیب کا قانون کالا قانون ہے اور نیب اداروں پر دھبہ ہے ۔ ہم سے غلطی ہوئی کہ ہم نے اس کالے قانون کو ختم نہیں کیا ۔ ہم ڈٹ کر مقابلہ کریں گے اور میں واضح کہتا ہوں کہ آپ کو شکل چھپانے کی بھی جگہ نہیں ملے گی ۔

انہوں نے کہا کہ آپ کہہ رہے ہیں کہ دو ارب ڈالر ملے گئے ہیں، پاکستان 22کروڑ عوام کا ایٹمی ملک ہے ۔ آپ پاکستان کوحاصل کرنے کے لئے دی جانے والی قربانیوں کا مذاق اڑا رہے ہیں ۔ وزیر اعظم کاکشکول اٹھا کر پھرنا پاکستان کی تضحیک ہے ۔ آپ بیرون ممالک کہہ رہے ہیں کہ پاکستان کرپٹ ہے ، ادارے اور نظام خراب ہے ۔ آپ کنٹینر سے باہر نکل آئیں اور پاکستان کا خیر سے نام لینا سیکھ لیں ۔

چین ہمارا دیرینہ دوست ہے اوراس سی پیک کے تحفہ دیا ۔ چین سے روابط کو مزید بہتر بنانا ہے ۔ آپ کے جھوٹ اور یوٹرنز سے پاکستان کی خیر نہیں ہونی ۔ ہماری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو آپ کے جھوٹ اور یوٹرنز کے شر سے محفوظ رکھے ۔ عمران خان اڑھائی ماہ جتنے یوٹرن لئے قوم احتساب کرے گی کنٹینر کے وعدے جھوٹے ثابت ہوں گے ۔حمزہ شہباز نے سوال اٹھایا کہ عمران خان نیازی کو بھول کیوں جاتے ہیں کہ انہیں بنی گالا تجاوزات کا جرمانہ بھرنا ہے اور علیمہ خان بھی آف شور کمپنی کا حساب دیں حکومت ہر محاذ پر جھوٹ بول رہی ہے ۔

نواز شریف کی ممکنہ گرفتاری کے سوال پر حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ ان کی جماعت مشکلات سے نہیں گھبراتی جن کی نیب صاف ہو ان کو جیلوں کا خوف نہیں ہوتا۔دامن صاف ہے تو زبان سے شائستہ الفاظ نکلتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم عمران نیازی کی گیدڑ بھبھکیوں سے ڈرنے والے نہیں بلکہ مقابلہ کریں گے ۔ عوام نے آپ کو مستر د کر دیا ہے اور ضمنی انتخابات میں آنے والے نتائج اس کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔

ہم چاہتے ہیں کہ جمہوریت کی گاڑی چلے اور آپ کا اصل چہرہ بھی قوم دیکھ سکے ۔ انہوں نے کہا کہ دھاندلی کی تحقیقات کے لئے کمیشن بن گیا ہے ہم آپ کو بھاگنے نہیں دیں گے بلکہ دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوگا۔ حمزہ شہباز نے کہاکہ ہمیں عہدوں کا لالچ نہیں ہے،پی ٹی آئی میں قبضہ مافیا بیٹھا ہوا جو نہیں چاہتا ہے ہم انکا آڈٹ کریںہم ان کا مقابلہ کریں ہمیں کوئی پریشانی نہیں ہے ان کے اندر جو لوگ بیٹھے ہیں وہ فکر کریں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت ہر میدان میں جھوٹ بولتی ہے ، ایک بات کہتی ہے اور اس سے پیچھے ہٹ جاتی ہے اور پوری قوم یہ تماشہ دیکھ رہی ہے ۔ ابھی سردیوں کا آغاز ہوا ہے کہ گیس کی لوڈ شیڈنگ عروج پر پہنچ گئی ہے ، گھریلوں صارفین کے لئے گیس کی قیمتوں میں 450فیصد اور صنعتی صارفین کے لئے 47فیصد اضافہ کر دیا گیا ہے آپ ملک کو کس طرف لے کر جانا چاہتے ہیں ۔ انہوںنے کہا کہ عمران خان کے اندر خوف ہے اس لئے مصطفی قریشی اور سلطان راہی کی طرح بڑھکیں لگائی جاتی ہیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات