سینیٹ قائمہ کمیٹی داخلہ کا بینک اکائونٹس ہیک ہونے کا ازخود نوٹس

مختلف شہروں کے ایئرپورٹس اور پی آئی اے کی پروازوں کی بندش پر بھی رپورٹ طلب

جمعرات 8 نومبر 2018 20:13

سلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 نومبر2018ء) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ نے بینک اکائونٹس ہیک ہونے کا ازخود نوٹس لے لیا۔ بلوچستان کے مختلف شہروں کے ایئرپورٹس اور پی آئی اے کی پروازوں کی بندش پر بھی رپورٹ طلب کرلی۔ گزشتہ روز سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کا اجلاس رحمان ملک کی صدارت میں ہوا۔ کمیٹی نے بینک اکائونٹس ہیک ہونے کا ازخود نوٹس لیا۔

چیئرمین کمیٹی رحمان ملک نے کہا کہ پتہ چلا ہے کہ غیر ملکی ہیکرز نے پاکستانیوں کے اکاونٹ سے رقم نکال لی ہے۔ ایف آئی اے،اسٹیٹ بینک اور پی ٹی اے اس معاملے کی انکوائری کرائیں اور دس روز میں رپورٹ کمیٹی کو پیش کریں۔ لوگوں کے اکائونٹس سے پیسے غائب ہورہے ہیں اور اسٹیٹ بینک سویا ہوا ہے۔ رحمان ملک نے کہا کہ آئندہ اجلاس میں تمام کمرشل بینکوں کے صدور کو بھی بلایا جائے۔

(جاری ہے)

ایف آئی اے بھی بتائے کہ اس نے اب تک کیا اقدامات کئے۔ بینکوں سے ڈیٹا چوری ہونے پر ڈائریکٹر ایف آئی اے سائبر کرائم نے تنہا کام کیا جو کہ لائق تحسین ہے۔ بینکوں کے سیکیورٹی سسٹم میں بہتری کی ضرورت ہے۔ چیئرمین کمیٹی رحمان ملک نے کہا کہ بلوچستان کیساتھ زیادتی بند کی جائے۔ صوبے کے مختلف شہروں کو پی آئی اے کی فلائٹس کیوں بند ہیں۔ بلوچستان میں ایئرپورٹس آپریشنل کیوں نہیں ہیں۔

سینیٹ کمیٹی بلوچستان کے حقوق کیلئے آواز اٹھاتی رہے گی، رحمان ملک نے کہا کہ انھوں نے بطور وزیرداخلہ بلوچستان کے مختلف شہروں میں نادرا اور پاسپورٹ دفاتر کھولے مگر افسوس کی بات ہے کہ اس کے بعد بہت سے دفاتر بند کردیئے گئے۔ پی آئی اے کو بلوچستان کے لیے پروازیں شروع کرنا ہوں گی۔ آئندہ اجلاس میں چئیرمین پی آئی اے اور چیئرمین سول ایوی ایشن پیش ہوں کر جواب دیں۔

بلوچستان کے سیکرٹری داخلہ نے کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ صوبے میں ایف سی کو مختلف قوانین کے تحت طلب کیا جاتا ہے۔ عام حالات میں ایف سی کو سول حکومت کی معاونت کے قانون کے تحت بلایا جاتا ہے۔ اگر انسداد دشتگردی ایکٹ کے تحت بلایا جائے تو ایف سی کو گرفتاری اور تفتیش کے اختیارات حاصل ہوتے ہیں۔ صوبے کے اے اور بی ایریاز میں کوئی فرق نہیں۔ یہ تفریق صرف اس لیے ہے کہ اے ایریا میں پولیس جبکہ بی ایریا میں ایف سی تعینات ہوتی ہے۔وحید ڈوگر