نیب نے خواجہ سعد رفیق اور ان کے بھائی سلمان رفیق کو گرفتار کرنے کا اعلان کردیا

لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے دونوں بھائیوں کی ضمانت قبل از گرفتاری میں اگر آئندہ سماعت پر توسیع نہ کی گئی تو انہیں عدالت سے ہی گرفتار کر لیا جائے گا: ڈی جی نیب لاہور

muhammad ali محمد علی جمعرات 8 نومبر 2018 22:11

نیب نے خواجہ سعد رفیق اور ان کے بھائی سلمان رفیق کو گرفتار کرنے کا اعلان ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 08 نومبر2018ء) نیب نے خواجہ سعد رفیق اور ان کے بھائی سلمان رفیق کو گرفتار کرنے کا اعلان کردیا، لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے دونوں بھائیوں کی ضمانت قبل از گرفتاری میں اگر آئندہ سماعت پر توسیع نہ کی گئی تو انہیں عدالت سے ہی گرفتار کر لیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق سابق وفاقی وزیر اور مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما خواجہ سعد  رفیق اور ان کے بھائی خواجہ سلمان رفیق کو گرفتار کیے جانے کا امکان ہے۔

اس حوالے سے نیب نے بھی اہم اعلان کردیا ہے۔ اس حوالے سے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی جی نیب لاہور شہزاد سلیم نے بتایا کہ ان کے ادارے نے سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق اور ان کے بھائی خواجہ سلمان رفیق کو گرفتار کرنے کی تمام تیاریاں مکمل کی ہوئی ہیں۔

(جاری ہے)

ڈی جی نیب لاہور کا کہنا ہے کہ سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے گرفتاری سے بچنے کیلئے عدالت سے ضمانت لے رکھی ہے۔

تاہم اس حوالے سے عدالت میں اگلی سماعت کے دوران اگر خواجہ سعد رفیق اور ان کے بھائی خواجہ سلمان رفیق کی ضمانت میں توسیع نہ کی گئی، تو دونوں رہنماوں کو عدالت سے ہی نیب گرفتار کر لے گی۔ ڈی جی نیب لاہور کا مزید بتانا ہے کہ خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق کیخلاف گواہ بننے کا وعدہ کرنے والا شخص اچانک غائب ہوگیا ہے۔ نیب اس شخص کو ڈھونڈنے میں مصروف ہے۔ واضح رہے کہ سابق وزیر ریلوے اور مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما خواجہ سعد رفیق اور ان کے بھائی خواجہ سلمان رفیق کیخلاف نیب آشیانہ ہاوسنگ اسکیم اور پیراگون ہاوسنگ اسکیم کرپشن اسکینڈلز کی تحقیقات کر رہا ہے۔ اسی سلسلے میں دونوں بھائیوں کی جلد گرفتاری کا امکان ہے۔