محبت کی داستان میں بکری ''ولن'' بن گئی

بکری کی وجہ سے عاشق ،لڑکی کے گھر والوں کے ہاتھ چڑھ گیا

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس جمعرات 8 نومبر 2018 23:35

محبت کی داستان میں بکری ''ولن'' بن گئی
پائی خیل(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار-08 نومبر 2018ء ) :محبت کی داستان میں بکری نے منفی کردار بنتے ہوئے عاشق کو لڑکی والوں کے ہتھے چڑھوا دیا۔لڑکی کے اہل خانہ نے عاشق کی درگت بنا ڈالی۔ یوں تو محبت کا سلسلہ ایسا ہے کہ محب اپنے محبوب کے فراق میں ہر دم بے چین رہتا ہے اور کسی نہ کسی طرح ہجر کی یہ داستان ختم کرکے وصل کی نعمت سے بہرہ مند ہونا چاہتا ہے۔

یہی ایک جذبہ ہے جس نے ہمارے سامنے ہیر رانجھا، سسی پنوں ، لیلیٰ مجنوں اور ایسی دیگر عشقیہ داستانوں کو جنم دیا ہے ۔کبھی ایک وقت تھا کہ عاشق اپنے معشوق کے وصال میں ہر دم آہیں بھرتا اور اسی ہجر کی آگ میں جل جل کر مر جاتا تاہم جب سے دنیا جدید ہوئی ہے اور زندگی کے تمام تقاضے بدل گئے ہیں ویسے ہی انداز محبت میں بھی تبدیلی آئی ہے۔

(جاری ہے)

آج کل عاشق ،معشوق سے رابطہ کرنے کے لیے موبائل کا سہارا لیتے ہیں اور اگر محبوبہ کے پاس موبائل کی سہولت نہ ہو تو اسے خود وہ سہولت بھی مہیا کرواتا ہے۔

ایسا ہی ایک عاشق پائی خیل میں بھی تھا جس نے محبوبہ کی خواہش پوری کرنے کے لیے اس تک موبائل پہنچانے کے لیے انوکھے طریقے کا سہارا لیا لیکن وہی سہارا اس کی داستان محبت کا ولن بن گیا۔ہوا کچھ یوں کہ نوجوان نے اپنا موبائل ،بکری کی کمر سے باندھا اور اسے چھوڑ دیا۔بکری جو کہ محبوبہ ہی کے خاندان کی ملکیت تھی ،گھر پہنچی ۔گھر پہنچی تو عاشق نے معشوق کو اشاری دینے کے لیے مس کالز شروع کر دی ۔

بکری نے موبائل کی تھرتھراہٹ محسوس کی تو بے چین ہو کر اچھلنے لگی جس پر لڑکی کے باپ نے بکری کا معائنہ کیا تو اسکی کمر کے ساتھ موبائل بندھا ہوا ملا۔لڑکی کے باپ نے لڑکی کے ذریعے ہی فون اٹھوا کر اس ناکام عاشق کو بلایا اور پھر اپنے باقی اہلخانہ سے مل کر اس کی درگت بنا ڈالی۔یوں بکری اس داستان محبت میں پیغام رساں کی بجائے ایک منفی کردار بن کر سامنے آئی۔

متعلقہ عنوان :