عارف علوی کی ملتان آمد پر میٹرو بس سروس معطل

صدر مملکت عارف علوی کے وی وی آئی پی پروٹوکول کی وجہ سے شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعہ 9 نومبر 2018 11:03

عارف علوی کی ملتان آمد پر میٹرو بس سروس معطل
ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 09 نومبر2018ء) صدر مملکت عارف علوی کی ملتان آمد پر میٹرو سروس کو معطل کر دیا گیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق صدر پاکستان گذشتہ روز ملتان آئے جس وجہ سے میٹرو بس سروع کو بند کر دیا گیا،میڑو سروس بند ہونے کی وجہ سے شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔سیکورٹی کے نام پر شہریوں کو پریشان کیا گیا۔طلباء و طالبات اور آفس میں آنے جانے والے ملازموں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا کیونکہ میٹرو سروس نہ ہونے کی وجہ سے وہ مہنگے کرائے ادا کر کے اپنی منزل مقصود تک پہنچے۔

عارف علوی کی آمد پر میٹرو بس سروس بند ہوئی تو شہریوں نے بھی صدرِ مملکت پر شدید تنقید کی اور کہا کہ تحریک انصاف تو پروٹوکول کے نعرے لگاتی تھی تاہم حکومت میں آنے کے بعد ان نعروں کو ہوا میں اڑا دیا ہے۔

(جاری ہے)

اس سے قبل  صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی اہلیہ کے پروٹوکول لینے کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی۔ اس ویڈیو میں دیکھا گیا کہ عارف علوی کی اہلیہ ائیر پورٹ سے نکلتے ہی قطار میں لگی گاڑیوں کی جانب بڑھتی ہیں اور ان میں سے ایک گاڑی میں سوار ہو جاتی ہیں، ویڈیو بنانے والے شخص کو ائیر پورٹ پر موجود سکیورٹی گارڈ نے ویڈیو بنانے سے منع کیا تو اس نے مزاحمت کی اور صدر مملکت کی اہلیہ کے لیے لگے روٹ کے مناظر دکھائے۔

اس ویڈیو میں دیکھا گیا کہ صدر مملکت عارف علوی کی اہلیہ کے لیے ائیر پورٹ پر شاہانہ پروٹوکول اور سکیورٹی کا انتظام کیا گیا ۔ اس ویڈیو میں صدر مملکت عارف علوی کی اہلیہ کا چہرہ ظاہر نہیں ہوا۔
لیکن ٹویٹر صارفین نے اس ویڈیو پر وفاقی حکومت کو آڑے ہاتھوں لینا شروع کر دیا ہے ۔ یاد رہے کہ اس سے قبل صدر مملکت عارف علوی کے بھی کراچی دورہ کے دوران 2 درجن سے زائد گاڑیوں کا پروٹوکول لینے کے چرچے ہوئے تھے جس پر عارف علوی نے کہا تھا کہ میں نے پروٹوکول لینے سے انکار کیا تھا ، لیکن میرے منع کرنے کے باوجود مجھے پروٹوکول دیا گیا ۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کے پروٹوکول لینے پر ٹویٹر صارفین نے وفاقی حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا اور کہاکہ حکومت نے تو پروٹوکول نہ لینے اور عوام کے ٹیکس کے پیسے کا بے جا استعمال نہ کرنے کا اعلان کیا تھا لیکن اس قسم کی ویڈیوز حکومت کے دعووں کی نفی ہے، حکومت کو چاہئیے کہ قوم سے کیے اپنے وعدے پورے کرے بصورت دیگر موجودہ حکمرانوں اور گذشتہ حکمرانوں میں کوئی واضح فرق نہیں رہے گا۔ گذشتہ حکمرانوں نے بھی عوام کا پیسہ اپنی عیش و عشرت کی زندگی گزارنے پر صرف کیا اور اب اگر موجودہ حکمران بھی یہی کریں گے تو عوام کا اعتماد کھو بیٹھیں گے۔