نواز شریف اور ناصر جنجوعہ کی ملاقات پر چہ مگوئیاں

نواز شریف نے سابق مشیر سلامتی نہیں بلکہ ذاتی دوست ناصر جنجوعہ سے ملاقات کی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 9 نومبر 2018 12:11

نواز شریف اور ناصر جنجوعہ کی ملاقات پر چہ مگوئیاں
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 09 ستمبر 2018ء) : سابق وزیراعظم نواز شریف اور ناصر جنجوعہ کی گذشتہ روز ملاقات ہوئی جس پر کئی چہ مگوئیاں کی جا رہی ہیں۔ تاہم اب اس معاملے پر مسلم لیگ ن کا بھی رد عمل آگیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے اعلیٰ سطحی ذرائع نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے قائد نے سابق مشیر سلامتی سے نہیں بلکہ ذاتی دوست ناصر جنجوعہ سے ملاقات کی ہے۔

نواز شریف کے ذاتی دوست ناصر جنجوعہ نے مری ہاؤس میں مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف سے ملاقات کی۔ یاد رہے کہ گذشتہ روز موصول ہونے والی خبروں کے مطابق سابق وزیر اعظم نواز شریف نے لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر جنجوعہ سے ملاقات کی جس میں نیب کیسز اور نام ای سی ایل میں نکالنے کے حوالے سے بات چیت کی گئی ہے ۔ سابق وزیر اعظم نواز شریف کے گرد جب سے نیب کا گھیرا تنگ ہوا ہے تب سے ہی این آر او کی بازگشت سنائی دے رہی ہے۔

(جاری ہے)

نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کا انتقال ہوا تو این آر او کی خبریں مزید زور پکڑ گئیں ۔ وزیر اعظم کے دورہ سعودی عرب کے موقع پر سزا معطلی کے بعد نواز شریف ، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کی رہائی نے این آر او کے تاثر کو مزید تقویت دی ۔ تاہم نواز شریف کی کل ناصر جنجوعہ سے ہونے والی ملاقات پر ایک مرتبہ پھر ڈیل کی گونج سنائی دینے لگی ، تجزیہ کاروں نے اس ملاقات پر کئی تبصرے کیے اور موجودہ حالات میں کی جانے والی اس ملاقات کو اہم ملاقات قرار دیا۔

تاہم اب اس ملاقات کے حوالے سے کیے جانے والے تبصروں پر رد عمل دیتے ہوئے مسلم لیگ ن کا کہنا ہے کہ نواز شریف نے سابق مشیر قومی سلامتی ناصر خان جنجوعہ سے نہیں بلکہ ایک ذاتی دوست ناصر جنجوعہ سے ملاقات کی ہے جس میں انہوں نے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔