Live Updates

مفکر پاکستان ، شاعر مشرق ڈاکٹر محمد علامہ اقبال ؒکا 141واں یوم پیدائش ملی جوش و خروش سے منایا گیا

مزار اقبالؒ پر گارڈز کی تبدیلی کی پر وقار تقریب ،پاک رینجر ز کی جگہ پاک بحریہ کے چاق و چوبند دستے نے گارڈز کے فرائض سنبھالے وزیر اعلیٰ پنجاب کی مزار اقبال ؒ پر حاضری،پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی ، اسٹیشن کمانڈر کموڈور نعمت اللہ نے بھی فاتحہ خوانی کی اور پھول چڑھائے

جمعہ 9 نومبر 2018 13:50

مفکر پاکستان ، شاعر مشرق ڈاکٹر محمد علامہ اقبال ؒکا 141واں یوم پیدائش ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 نومبر2018ء) ملک بھر میں مفکر پاکستان ، شاعر مشرق ڈاکٹر محمد علامہ اقبال ؒکا 141واں یوم پیدائش ملی جوش و خروش سے منایا گیا ۔ اس سلسلہ میں مزار اقبالؒ پر گارڈز کی تبدیلی کی پر وقار تقریب منعقد ہوئی جس میں پاک رینجر ز کی جگہ پاک بحریہ کے چاق و چوبند دستے نے گارڈز کے فرائض سنبھالے ۔اس موقع پر پاک رینجرز اور پاک بحریہ کے جوانوں نے سلامی بھی دی ۔

اسٹیشن کمانڈر کموڈور نعمت اللہ نے مزار پر فاتحہ خوانی کی اور پھول چھڑائے۔اس موقع پر اسٹیشن کمانڈر لاہور نے مہمانوں کی کتاب میں تاثرات بھی درج کیے۔ملک بھر میں علامہ محمد اقبال ؒکے ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی اور فاتحہ خوانی کا انعقاد بھی کیا گیا جبکہ خصوصی تقریبات اور سیمینار ز میں مقررین نے علامہ محمد اقبال ؒ کی زندگی اور پاکستان کے قیام کیلئے جدوجہد پر روشنی ڈالی ۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے بھی شاعر مشرق علامہ محمد اقبال ؒکے مزار پرحاضری۔انہوں نے مزار اقبال پر پھولوں کی چادرچڑھائی اورفاتحہ خوانی کی۔وزیر اعلی نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی درج کئے۔وزیر اعلی سردار عثمان بزدار نے شاعر مشرق علامہ اقبال ؒکو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ علامہ اقبال ؒنے اپنی شاعری کے ذریعے امن اور بھائی چارے کا پیغام دیا۔

ہم ان کے افکار پر عمل پیرا ہو کر کامیابی حاصل کر سکتے ہیں۔ علامہ اقبال ؒ کا پیغام امید اور خود داری کا ہے ۔نئے پاکستان کی بنیاد بھی انہی اصولوں پر رکھی جا رہی ہے ۔وزیر اعظم عمران خان علامہ اقبال ؒکے افکار کے مطابق نیا پاکستان بنائیں گے ۔اقبال ؒایک عظیم دانشور تھے جن کی تعلیمات اور نظریات آج بھی ہماری رہنمائی کرتے ہیں۔علامہ اقبال ؒکے تصور پاکستان کو سمجھنے کی جتنی اشد ضرورت آج ہے پہلے کبھی نہ تھی۔

انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال ؒکی تعلیمات اور افکار پر عمل پیرا ہو کر آزادنہ، منصفانہ اور عادلانہ معاشی و سماجی نظام قائم کرنا وقت کی ضرورت ہے۔ہمیں عظیم شاعرعلامہ اقبال ؒسے عہدکرناہے کہ ان کے ابدی پیغام پر عمل پیراہوکر ہی پاکستان کی منزل کا حصول یقینی بنائیں گے۔انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال ؒکی شاعری اورافکار پر عمل پیراہوکرہی ہماری زندگیوں میں انقلاب آئے گا اور پاکستان اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کرے گا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات