چیئرمین سینیٹ نے بلوچستان کے طلباء کو وزیراعظم کے سکالرشپ پروگرام کے تحت وظائف کے معاملے پر متعلقہ وزارت سے جواب طلب کرلیا

آسیہ مسیح کو بیرون ملک نہیں بھجوایا گیا ،ْ سینیٹر شبلی فراز ………من مانی قیمتیں بڑھانے کے معاملے کا نوٹس لیا جائے ،ْ رحمن ملک

جمعہ 9 نومبر 2018 15:34

چیئرمین سینیٹ نے بلوچستان کے طلباء کو وزیراعظم کے سکالرشپ پروگرام ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 نومبر2018ء) چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے بلوچستان کے طلباء کو وزیراعظم کے سکالرشپ پروگرام کے تحت وظائف کے معاملے پر متعلقہ وزارت سے جواب طلب کر لیا۔ جمعہ کو اجلاس کے دوران سینیٹر میر کبیر نے کہا ہے کہ بلوچستان کے لئے وزیراعظم کے سکالرشپس پروگرام 2014-15ء کے تحت طلباء کو برن ہال کالج میں بھیجا گیا تھا، اب ان کو پیسے نہیں دیئے جا رہے ہیں۔

چیئرمین سینیٹ نے اس معاملے پر متعلقہ وزارت سے جواب طلب کر لیا ہے۔اجلاس کے دور ان سینیٹر مولانا عطاء الرحمن نے عوامی اہمیت کے معاملے پر کہا کہ پارلیمان کو مسلسل نظر انداز کیا جا رہا ہے، آسیہ مسیح کو ہالینڈ بھیجنے کی اطلاعات آ رہی ہیں، حکومت اس معاملے پر وضاحت کرے۔

(جاری ہے)

قائد ایوان سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ ایسی کوئی بات نہیں ہے، دفتر خارجہ نے اس حوالے سے واضح پیغام دیدیا ہے کہ آسیہ کو بیرون ملک نہیں بھیجا گیا۔

اجلاس کے دور ان پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما اور سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کے چیئرمین سینیٹر اے رحمن ملک نے کہا کہ جس کا جب دل چاہتا ہے قیمتیں بڑھا دیتا ہے اس حوالے سے حکومتی پالیسی بتائی جائے کہ کیا نظام وضع کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت ایل او سی پر روزانہ سیز فائر کی خلاف ورزی کرتا ہے، حکومت اس کا نوٹس لے اور اقوام متحدہ میں مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے لئے اقدامات کئے جائیں۔بعد ازاں سینیٹ کا اجلاس پیر کی دوپہر اڑھائی بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔