دہشتگردی کیخلاف امریکی جنگ، پاکستان میں 65 ہزار افراد جاں بحق

پاکستان، افغانستان، عراق میں مجموعی طور پر 5 لاکھ لوگ مارے گئے،رپورٹ

جمعہ 9 نومبر 2018 16:02

دہشتگردی کیخلاف امریکی جنگ، پاکستان میں 65 ہزار افراد جاں بحق
ْواشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 نومبر2018ء) امریکا کی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں لاکھوں افراد لقمہ اجل بن گئے، امریکا کی براؤن یونیورسٹی کی رپورٹ کے مطابق ہلاکتیں پاکستان، افغانستان اورعراق میں ہوئیں، پاکستان میں 65 ہزار افراد دہشتگردی کیخلاف جنگ کی نذر ہوئے، پاکستان، افغانستان، عراق میں مجموعی طور پر 5 لاکھ لوگ مارے گئے۔

براؤن یونیورسٹی کے واٹسن انسٹیٹیوٹ آف انٹرنیشنل اینڈ پبلک افیئرز کی رپورٹ کے مطابق کل ہلاکتوں کی تعداد چار لاکھ 80 ہزار سے پانچ لاکھ سات ہزار کے درمیان ہے، تاہم حقیقی تعداد کہیں زیادہ ہو سکتی ہے۔ ادارے کے ایک بیان کے مطابق ہلاکتوں کی یہ تعداد اگست 2016 کے اعدادوشمار سے ایک لاکھ دس ہزار زیادہ ہے۔ اگرچہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کو امریکی عوام، پریس اور ارکان پارلیمان اکثر نظر انداز کر دیتے ہیں، ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ ظاہر کرتا ہے کہ اس جنگ کی شدت برقرار ہے۔

(جاری ہے)

رپورٹ کے مطابق ہلاک ہونیوالوں میں جنگجوؤں کے علاوہ مقامی پولیس، سکیورٹی فورسز کے ارکان، عام شہری اور امریکہ اور اس کے اتحادیوں کے فوجی شامل ہیں۔ رپورٹ کی مصنفہ نیتا کرافورڈ کے مطابق اس جنگ میں حقیقی ہلاکتوں کا شاید کبھی علم نہ ہو سکے۔ اس کی مثال موصل ہے جس کا داعش سے قبضہ واپس لینے کی کوشش نے شاید لاکھوں افراد کی جان لی، داعش کے زیر قبضہ دیگر شہروں میں بھی یہی معاملہ ہوا، ہلاک ہونیوالوں کی بڑی تعداد کی لاشیں شاید کبھی نہ ملیں۔

رپورٹ کے مطابق عراق میں 182272 اور 204575 کے درمیان ہلاکتیں ہوئی، افغانستان میں 38480 جبکہ پاکستان میں 23372 ہلاکتیں ہوئیں۔ عراق اور افغانستان میں سات ہزار کے لگ بھگ امریکی فوجی ہلاک ہوئے۔ رپورٹ کے مطابق اس میں وہ لوگ شامل نہیں جو بالواسطہ اس جنگ کا نشانہ بنے، جن میں انفراسٹرکچر کی تباہی یا بیماریوں سے ہلاکتیں شامل ہیں۔