مولانا خادم رضوی کی جہاز میں بیٹھے تصویر سوشل میڈیا پر وائرل

تصویر میں مولانا خادم رضوی کے ہمراہ معروف اداکار احسن خان بھی موجود ہیں

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعہ 9 نومبر 2018 16:18

مولانا خادم رضوی کی جہاز میں بیٹھے تصویر سوشل میڈیا پر وائرل
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 9نومبر2018ء) :مولانا خادم رضوی کی جہاز میں بیٹھے تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔تصویر میں مولانا خادم رضوی کے ہمراہ معروف اداکار احسن خان بھی موجود ہیں۔تفصیلات کے مطابق آسیہ بی بی کیس پر سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے اور دھرنے شروع ہو گئے جس کے بعد ملک میں امن و امان کی صورتحال خراب ہو گئی۔

حکومت نے دھرناقائدین سے مذاکرات کر کے احتجاجی مظاہرے تو ختم کروائے۔حکومت کی جانب سے دھرنا مظاہرین پر کسی قسم کا لاٹھی چارج یا تشدد دیکھنے میں نہیں آیا۔تین دن تک جاری رہنے والے اس دھرنے کی قیادت تحریک لبیک یا رسول ﷺ کے سربراہ علامہ خادم رضوی کرتے رہے۔تاہم اب علامہ خادم رضوی کی ایک تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے جس نے سب کی توجہ اپنی طرف مبذول کروا لی ہے۔

(جاری ہے)

تصویر میں علامہ خادم رضوی کو جہاز میں بیٹھے دیکھا جا سکتا ہے۔جب کہ یہاں ایک بات حیران کن ہے کہ اس تصویر میں علامہ خادم رضوی کے ساتھ ساتھ پاکستان کے معروف اداکار احسن خان بھی موجود ہیں۔جو اب تک کئی ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھا چکے ہیں۔ علامہ خادم رضوی اور احسن خان کی اس تصویر پر سوشل میڈیا صارفین نے ملے جلے ردِ عمل کا اظہار کیا ہے۔

کچھ صارفین نے دونوں اکٹھے دیکھ کر حیرت کا اظہار کیا۔جب کہ کچھ صارفین نے کہا علامہ خادم رضوی خود تو جہاز میں سفر کر رہے ہیں لیکن ان کے کہنے پر ہزاروں لوگوں نے تین روز تک دھرنا دئیے رکھا۔جس وجہ سے ٹریفک بلا ک ہو گئی اور شہریوں کو ایک سے دوسری شہر میں جانے میں شدید مشکلات پیش آئیں۔تصویر میں جہاز میں موجود باقی سیٹیں خالی ہیں جس پر صارفین نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہاں یہ بات حیران کن ہے کہ جہاز میں ان دونوں کے علاوہ اور کوئی موجود نہیں ہے۔