سینئر صوبائی وزیر علیم خان کی نا اہلی کے لیے دائر انتخابی عذرداری پر سماعت 16نومبر تک ملتوی

جمعہ 9 نومبر 2018 16:50

سینئر صوبائی وزیر علیم خان کی نا اہلی کے لیے دائر انتخابی عذرداری پر ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 نومبر2018ء) لاہور ہائیکورٹ نے سینئر صوبائی وزیر عبد العلیم خان کی نا اہلی کے لیے دائر انتخابی عذرداری پر سماعت 16نومبر تک ملتوی کردی ۔لاہو رہائیکورٹ کے مسٹر جسٹس چوہدری محمد اقبال پر مشتمل الیکشن ٹربیونل نے (ن) لیگ کے پی پی 158سے ناکام امیدوار احسن شرافت کی جانب سے دائر انتخابی عذرداری پر سماعت کی ۔

عدالت کے روبرو عبدالعلیم خان کی طرف سے کوئی پیش ہوا اور نہ ہی جواب داخل کیا گیا ۔جس پر ٹربیونل نے ایکس پارٹی کارروائی شروع کر دی اوردرخواست گزار کے وکیل مزید دلائل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت16نومبر تک ملتوی کر دی ۔درخواست گزار نے موقف اختیار کیا ہے کہ عبدالعلیم خان نے انتخاب لڑتے وقت اپنے گوشوارے چھپائے جبکہ وہ اولڈ ایج بینیفٹ انسٹی ٹیوشن کے 93لاکھ کے نادہندہ ہیں ۔

(جاری ہے)

انکے خلاف ایف آئی اے میں درج مقدمہ میں انکوائری زیر سماعت ہے اور ان کا نام بھی ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل رہا ۔درخواست گزار نے مزید موقف اپنایا کہ عبد العلیم خان نے سات سے آھ سو ایکڑ اراضی پر غیر قانونی قبضہ کیا ۔سپریم کورٹ آف پاکستان نے عبدالعلیم خان کی غیر قانونی اراضی پر سوموٹو لیا ۔ استدعا ہے کہ عبدالعلیم خان کی کامیابی کے نوٹیفیکیشن کوکالعدم قرار دیا جائے اور اس حلقے میں دوبارہ انتخابات کے احکامات جاری کئے جائیں۔