Live Updates

مفکر پاکستان ، شاعر مشرق ڈاکٹر محمد علامہ اقبال ؒکا 141واں یوم پیدائش ملی جوش و خروش سے منایا گیا

مزار اقبالؒ پر گارڈز کی تبدیلی کی پر وقار تقریب ،پاک رینجر ز کی جگہ پاک بحریہ کے چاق و چوبند دستے نے گارڈز کے فرائض سنبھالے گورنر ،وزیر اعلیٰ پنجاب ،ڈی جی رینجرز ، پاک بحریہ کے اسٹیشن کمانڈر سمیت دیگر نے مزار اقبال ؒ پر حاضری،پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی

جمعہ 9 نومبر 2018 17:17

مفکر پاکستان ، شاعر مشرق ڈاکٹر محمد علامہ اقبال ؒکا 141واں یوم پیدائش ..
․لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 نومبر2018ء) ملک بھر میں مفکر پاکستان ، شاعر مشرق ڈاکٹر محمد علامہ اقبال ؒکا 141واں یوم پیدائش ملی جوش و خروش سے منایا گیا ۔ اس سلسلہ میں مزار اقبالؒ پر گارڈز کی تبدیلی کی پر وقار تقریب منعقد ہوئی جس میں پاک رینجر ز کی جگہ پاک بحریہ کے چاق و چوبند دستے نے گارڈز کے فرائض سنبھالے ۔اس موقع پر پاک رینجرز اور پاک بحریہ کے جوانوں نے سلامی بھی دی ۔

اسٹیشن کمانڈر کموڈور نعمت اللہ نے مزار پر فاتحہ خوانی کی اور پھول چھڑائے۔اس موقع پر اسٹیشن کمانڈر لاہور نے مہمانوں کی کتاب میں تاثرات بھی درج کیے۔ملک بھر میں علامہ محمد اقبال ؒکے ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی اور فاتحہ خوانی کا انعقاد بھی کیا گیا جبکہ خصوصی تقریبات اور سیمینار ز میں مقررین نے علامہ محمد اقبال ؒ کی زندگی اور پاکستان کے قیام کیلئے جدوجہد پر روشنی ڈالی ۔

(جاری ہے)

گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور ، وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار ،ڈائریکٹر جنرل رینجرز ( پنجاب )میجر جنرل ثاقب محمود ملک ،ائیر کموڈور رضوان بٹ ،جنرل آفیسر کمانڈنگ گیریژن میجر جنرل عامر محمود سمیت دیگر نے مزار اقبال ؒپر حاضری دی ،پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی ۔اس موقع پر مہمانوں کی کتاب میں تاثرات بھی درج کئے گئے۔وزیر اعلی سردار عثمان بزدار نے شاعر مشرق علامہ اقبال ؒکو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ علامہ اقبال ؒنے اپنی شاعری کے ذریعے امن اور بھائی چارے کا پیغام دیا۔

ہم ان کے افکار پر عمل پیرا ہو کر کامیابی حاصل کر سکتے ہیں۔ علامہ اقبال ؒ کا پیغام امید اور خود داری کا ہے ۔نئے پاکستان کی بنیاد بھی انہی اصولوں پر رکھی جا رہی ہے ۔وزیر اعظم عمران خان علامہ اقبال ؒکے افکار کے مطابق نیا پاکستان بنائیں گے ۔اقبال ؒایک عظیم دانشور تھے جن کی تعلیمات اور نظریات آج بھی ہماری رہنمائی کرتے ہیں۔علامہ اقبال ؒکے تصور پاکستان کو سمجھنے کی جتنی اشد ضرورت آج ہے پہلے کبھی نہ تھی۔

انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال ؒکی تعلیمات اور افکار پر عمل پیرا ہو کر آزادنہ، منصفانہ اور عادلانہ معاشی و سماجی نظام قائم کرنا وقت کی ضرورت ہے۔ہمیں عظیم شاعرعلامہ اقبال ؒسے عہدکرناہے کہ ان کے ابدی پیغام پر عمل پیراہوکر ہی پاکستان کی منزل کا حصول یقینی بنائیں گے۔انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال ؒکی شاعری اورافکار پر عمل پیراہوکرہی ہماری زندگیوں میں انقلاب آئے گا اور پاکستان اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کرے گا۔

متروکہ وقف املاک بورڈ کے سیکرٹری طارق وزیرخان کی سربراہی میں مختلف مذاہب کے نمائندوں نے بھی مزار اقبال ؒپر حاضری دی اور پھول چڑھائے ۔طارق وزیرخان نے کہا کہ حضرت علامہ اقبال ؒکے فلسفے اور فکرکی روشنی میں آج پاکستان کو خوشحال ،پرامن اور ترقی یافتہ ملک بنایا جاسکتا ہے۔ پروفیسر سردارکلیان سنگھ کلیان، سرداررنجیت سنگھ، ڈین آف کیتھڈرل پادری شاہدمعراج، پجاری کاشی رام اورڈاکٹرمنہورچند نے کہا کہ پاکستان ہم سب کا سانجھا ملک ہے، علامہ اقبال ایسی شخصیت ہیں جن کی بدولت ایک آزاد ملک وجود میں آیا اورآج یہاں تمام مذاہب کے لوگ ایک گلدستے کی مانند زندگی گزاررہے ہیں۔

گورنمنٹ کالج یونیورسٹی کے وائس چانسلر حسن امیرشاہ کی قیادت میں وفد نے بھی مزار اقبال ؒپرحاضری دی ۔وفد نے مزارپرپھول چڑھائے اورفاتحہ خوانی کی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات