پنجاب کو پائیدار ترقی دے کر حقیقی تبدیلی لائیں گے ، مل کر عوام کی خدمت کریں گے‘عثمان بزدار

یہ تقریب صرف وزیراعلیٰ آفس کے ملازمین اور افسروں کے اعزاز میں ہے، اپنے گھرانے کو اپنے گھر ہی دعوت دی جاتی ہے پرنسپل سیکرٹری سے نائب قاصد تک سب ایک ساتھ زمین پر بیٹھے ہیں، تبدیلی کے دعوے نہیں کرتے بلکہ تبدیلی لا کر دکھاتے ہیں وزیراعلیٰ آفس میں کام کرنے والے میرے دست و بازو ہیں،سٹاف نے تین ماہ کے دوران انتہائی محنت اور لگن سے کام کیا ہے کسی وزیراعلیٰ نے آج تک اپنے گھر بلا کر ایسی عزت افزائی نہیں کی،پنجاب کو پہلی بار عوامی مزاج رکھنے والا وزیراعلیٰ ملاہے‘ملازمین یہ تقریب’’ ایک ہی صف میں کھڑے ہوگئے محمود وایاز‘‘ کا عملی نمونہ ہے، آج کوئی افسر اور کوئی ماتحت نہیں ، ایک گھرانہ اکٹھا ہوا ہے ‘ پرنسپل سیکرٹری ڈاکٹر راحیل صدیقی

جمعہ 9 نومبر 2018 17:41

پنجاب کو پائیدار ترقی دے کر حقیقی تبدیلی لائیں گے ، مل کر عوام کی خدمت ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 نومبر2018ء) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے نئی روایت قائم کر دی۔ وزیراعلیٰ نے اپنی رہائش گاہ پر وزیراعلیٰ آفس اور وزیراعلیٰ ہاؤس کے گریڈ ایک سے 21 تک کے افسروں اور عملے کے اعزاز میں فرشی تقریب کا اہتمام کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے عملے اور افسروں کے پاس جا کر فرداً فرداً ان سے خود ہاتھ ملایا اور احوال دریافت کیا۔

وزیراعلیٰ عملے اور افسروں کے ساتھ لان میں زمین پر بیٹھے اور ان کے ساتھ زمین پر بیٹھ کر ہی کھانا کھایا۔ وزیراعلیٰ کی سادگی اور عوامی انداز دیکھ کر عملے اور افسروںنے خوشگوار حیرت کا اظہار کیا۔ تقریب میں خواتین افسر اور اہلکاربھی شریک تھیں۔ وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کی تقریب صرف وزیراعلیٰ آفس کے ملازمین اور افسروں کے اعزاز میں ہے ۔

(جاری ہے)

اپنے گھرانے کو اپنے گھر ہی دعوت دی جاتی ہے اور میں نے آج اپنے گھرانے کو بلایا ہے۔ پرنسپل سیکرٹری سے نائب قاصد تک سب ایک ساتھ زمین پر بیٹھے ہیں۔ ہم تبدیلی کے دعوے نہیں کرتے بلکہ تبدیلی لا کر دکھاتے ہیں اور پروٹوکول کلچر کو بھی تبدیل کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی آفس میں کام کرنے والے میرے دست و بازو ہیں۔ افسروں اور ماتحت عملے نے تین ماہ کے دوران انتہائی محنت اور لگن سے کام کیا ہے اور میںآپ کی محنت اور صلاحیتوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہوں۔

سٹاف سے ملاقاتوں کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا اور ہماری حکومت آپ کے مسائل بھی حل کرے گی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ بے پناہ مصروفیات کے باعث میں آبائی گھر نہیں جا سکا، اب آپ ہی میری فیملی کی طرح ہیں ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ انشاء اللہ ہم پنجاب کو پائیدار ترقی دے کر حقیقی تبدیلی لائیں گے اور مل کر عوام کی خدمت کریں گے۔ پنجاب بدلے گا اور عوام کے مسائل حل ہوں گے۔

وزیراعلیٰ نے اس موقع افسروں اور ملازمین کیلئے اعزازیہ دینے کا اعلان بھی کیا۔ پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر راحیل صدیقی نے اس موقع پر کہا کہ یہ تقریب’’ ایک ہی صف میں کھڑے ہوگئے محمود وایاز‘‘ کا عملی نمونہ ہے ۔ تقریب کے انعقاد پر ملازمین اور افسروں کی طرف سے وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ ہم تقریب کسی اور جگہ کرنا چاہتے تھے لیکن وزیراعلیٰ نے اپنے گھر میںتقریب رکھنے کا کہا اور وزیراعلیٰ کا موقف تھا کہ وزیر اعلی آفس میں کام کرنے والے ایک خاندان کی مانند ہیں اور آج کوئی افسر اور کوئی ماتحت نہیں ، ایک گھرانہ اکٹھا ہوا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی آفس کے افسروں اور عملے نے تین ماہ کے دوران 24 گھنٹے کام کیا ہے ۔ ملازمین نے اس موقع پر اپنے تاثرات بیان کرتے ہوئے کہا کہ کسی وزیراعلیٰ نے آج تک اپنے گھر بلا کر ایسی عزت افزائی نہیں کی اور پنجاب کو پہلی بار ایسا عوامی مزاج رکھنے والا وزیراعلیٰ ملاہے۔ ملازمین نے کہا کہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے گریڈ ایک سے گریڈ 21 تک کے سٹاف کو جو عزت دی ہے، اس کی مثال نہیں ملتی۔ صوبائی وزیر خزانہ ہاشم جواں بخت بھی اس موقع پر موجود تھے۔ تقریب کے اختتام پر ملک کی ترقی، استحکام اور خوشحالی کیلئے خصوصی دعاکی گئی۔