Live Updates

سینیٹ الیکشن میں ن لیگ کی جیت کے امکانات روشن

پیپلزپارٹی کا ن لیگ کو ووٹ دینے کا فیصلہ، پیپلزپارٹی سینیٹ کی دونوں نشستوں پر ن لیگ کی حمایت کرے گی، پارلیمانی لیڈر پیپلزپارٹی حسن مرتضیٰ

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 9 نومبر 2018 18:05

سینیٹ الیکشن میں ن لیگ کی جیت کے امکانات روشن
لاہور(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔09 نومبر 2018ء) سینیٹ کے ضمنی انتخاب میں پیپلزپارٹی نے مسلم لیگ ن کو ووٹ دینے کا فیصلہ کرلیا ہے، پیپلزپارٹی سینیٹ کی دونوں نشستوں پر ن لیگ کی حمایت کرے گی،دونوں جماعتوں نے اپوزیشن کے اتحاد کی خاطرقومی اسمبلی میں ملکر چلنے کا فیصلہ کیا ہو ا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سینیٹ کے ضمنی انتخاب میں مسلم لیگ ن کی جیت کے امکانات روشن ہوگئے۔

قومی اسمبلی میں ملک کی تیسری بڑی سیاسی جماعت پیپلزپارٹی نے سینیٹ کی دونوں نشستوں پر ن لیگ کی حمایت کا اعلان کردیا ہے۔ پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے پارلیمانی لیڈر حسن مرتضیٰ کی مشاورت سے ن لیگ کے امیدواروں کوووٹ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ حسن مرتضیٰ کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی سینیٹ کی دونوں نشستوں پر ن لیگ کو ووٹ دیں گے۔

(جاری ہے)

واضح رہے اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد کو یقینی بنانے کے دونوں جانب سے مخلص طرز عمل کا مظاہرہ کیا جارہا ہے۔

 جس کی ایک جھلک آج بلاول بھٹو کے ایک اور فیصلے میں بھی نظر آئی ہے کہ بلاول بھٹو نے چیئرمین پی اے سی کا عہدہ لینے سے معذرت کرلی ہے۔  انہوں نے کہا کہ چیئرمین پی اے سی کا عہدہ قبول کر کے اپوزیشن کو تقسیم نہیں کرسکتا۔ وزیراعظم نے اپوزیشن کی جانب سے پیش کردہ خواجہ آصف کا نام مسترد کرکے بلاول بھٹوکو چیئرمین پی اے سی کی پیشکش کی تھی۔

حکومت کی جانب سے اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہبازشریف کا نام بطور چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی مسترد کرنے پر اپوزیشن جماعتوں نے دونام پارلیمانی کمیٹی کو دیے تھے۔ تاہم آج جب وزیراعظم عمران خان کو پی اے سی کی سربراہی کیلئے بریفنگ دی گئی اور بتایا گیا کہ اپوزیشن کی جانب سے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو اور مسلم لیگ ن کے خواجہ آصف کا نام آیا ہے۔

عمران خان نے خواجہ آصف کا نام سامنے آتے ہی مسترد کردیا۔ انہوں نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خواجہ آصف منی لانڈنگ میں ملوث ہیں ان کو کیسے پی اے سی کمیٹی کا چیئرمین بنایا جاسکتا ہے؟ ان کے نام پر مشاورت ہی کیوں کی گئی ہے؟ انہوں نے کہا کہ خواجہ آصف کے نام پر مشاورت بھی نہ کی جائے۔ تاہم حکومت نے خواجہ آصف کا نام مسترد کرکے چیئرمین پی اے سی کیلئے بلاول بھٹو کو آفر کی تھی۔ لیکن بلاول بھٹو نے چیئرمین پی اے سی کا عہدہ قبول کرنے سے معذرت کرلی ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات