پاک۔چین دوستی سدابہار اور ہر آزمائش پر پوری اتری ہے، اسپیکر قومی اسمبلی

چین کی طر ف سے پاکستان میں صنعتی زونز کا قیام اور ٹیکنالوجی کی ٹرانسفر سے روز گار کے نئے مواقع پیدا ہونگے، اسد قیصر کی چین کی پارلیمانی وفد سے ملاقات میں گفتگو

جمعہ نومبر 18:54

پاک۔چین دوستی سدابہار اور ہر آزمائش پر پوری اتری ہے، اسپیکر قومی اسمبلی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 09 نومبر2018ء) اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ پاکستان اور چین کے مابین مثالی دوستی باہمی احترام و اعتماد اور مضبوط اسٹرٹیجک شراکت داری اور معاشی تعاون کی مضبوط بنیادوں پر استوار ہے۔دونوں ممالک کے مابین سدابہار دوستی ہمیشہ ہر آزمائش پر پوری اتری ہے۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے وائس چیئر مین سٹینڈنگ کمیٹی آف نیشنل پیپلز کانگرس Mr.Zhang Chunxian کی سربراہی میں چین کے 15رکنی پارلیمانی وفد سے ملاقات کے دوران گفتگوکرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر چین کے پاکستان میں تعینات سفیر یاؤجِنگ اور فرخ حبیب پارلیمانی سیکرٹری برائے ریلوے بھی موجود تھے۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ دونوں ممالک کی پارلیمانوں کے مابین رابطوں میں فروغ کے ذریعے دوستی کے اس رشتے کو مزید مستحکم بنایا جاسکتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے حالیہ دورہ چین کے دوررس نتائج برآمد ہونگے۔

اس دورے کے دوران کیے جانے والے معاہدوں پر عمل درآمد سے پاک۔چین تعاون کو مزید فروغ حاصل ہوگا۔انہوں نے کہا کہ چین کی طر ف سے پاکستان میں صنعتی زونز کا قیام اور ٹیکنالوجی کی ٹرانسفر سے روز گار کے نئے مواقع پیدا ہونگے اور عوام کا معیار زندگی بلند ہوگا۔ اسد قیصر نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) خطے کی تر قی اور خوشحالی میں گیٹ وے ثابت ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان سی پیک منصوبوں کی جلد تکمیل کے لیے پرعزم ہے۔اسد قیصر نے کہا کہ چین نے مختصر عرصہ میں تر قی کی منازل طے کر کے دنیا میں ایک نمایاں مقام حاصل کیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ٹیکنالوجی اور معاشی شعبوں میں چین کے تجربات سے مستفید ہونا چاہتا ہے۔اسپیکر نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان باہمی تجارت کے یکساں مواقع میسر آنے چاہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاک۔چین فرینڈ شپ گروپ کو جلد فعال کر کے دوستی کے رشتے کو مزید مضبوط کیا جائے گا۔اس موقع پر اسپیکر نے این پی سی کے چیئر مین کو پاکستا ن دورہ کی دعوت بھی دی۔ چینی وفد کی جانب سے اسد قیصر کو سپیکر کا عہدہ سنبھانے پر چینی پارلیمنٹ اور حکومت کی جانب سے مبارکبادیتے ہوئے وائس چیئر مین Mr. Zhang Chunxianنے کہا کہ چین پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور اسے اپنا اسٹرٹیجک شراکت دار سمجھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کی قیادتیں دوطر فہ تعلقات کو نئی بلندیوں تک پہچانے کے لیے پرعزم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کی پارلیمانوں میں رابطوں کے فروغ سے دونوں ممالک کے اراکین پارلیمنٹ ایک دوسر ے کے تجربات سے مستفید ہو سکتے ہیں اور دونوں اقوام کو مزید قریب لایا جا سکتا ہے۔ وفد کی جانب سے وزیر اعظم پاکستان کے دورہ چین کے بارے میں تفصیلی بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ وزیر اعظم پاکستان کا حالیہ دورہ چین انتہائی کامیاب رہاہے اس میں دونوں ممالک کے مابین معاشی تعاون کو فروغ دینے کے کئی معاہدوں پر دستخط ہوئے ہیں،جس کے ثمرات جلد دونوں ممالک کے عوام تک پہنچے گئے۔

انہوں نے مزید کہا کہ چینی قیادت پاکستان کے ساتھ سی پیک سمیت تمام شعبوں میں تعاون کو جاری رکھنے کے لیے سنجیدہ ہے۔وائس چیئر مین نیشنل پیپلز کانگرس کا کہنا تھا کہ چین ایک خوشحال اور ترقی یافتہ پاکستان دیکھنے کا خواہاں ہے اور اس کی معاشی اور سماجی ترقی کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گا۔