اے این ایف کی ملک گیر کارروائی، 3 ارب 96 کروڑ3 لاکھ روپے مالیت کی 3.395ٹن منشیات قبضے میں لے لی

منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث1 غیر ملکی سمیت 10ملزمان گرفتار، 1 گاڑی ضبط

جمعہ نومبر 19:04

اے این ایف کی ملک گیر کارروائی، 3 ارب 96 کروڑ3 لاکھ روپے مالیت کی 3.395ٹن ..
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 09 نومبر2018ء) منشیات سے پاک معاشرے کی تشکیل کے لئے کوشاں اینٹی نارکوٹکس فورس پاکستان نے 9ملک گیر کاروائیوں کے دوران 3ارب 96کروڑ 3 لاکھ روپے بین الاقوامی مالیت کی3394.836 کلوگرام منشیات برآمد کر لیں جبکہ منشیات اسمگلنگ میں ملوث1 غیر ملکی سمیت10ملزمان کو گرفتار اور 1 گاڑی بھی برآمد کر لی گئی۔ برآمد شدہ منشیات میں 1.6کلو گرام چرس، 3375کلو گرام افیون، 13.175کلوگرام ہیروئن اور5.061کلو گرام ایمفیٹامائن شامل ہے، اے این ایف کوئٹہ نے ضلع چاغی کی تحصیل دالبندین کے علاقے گردی جنگل سے محمد اسلم نامی ایک ملزم کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے 4.25 کلوگرام ہیروئن برآمد کر لی،ایک اور کاروائی کے دوران، اے این ایف کوئٹہ نے ضلع چاغی کی تحصیل دالبندین میں واقع گردی جنگل کے قریب واقع کلی اوکار کے علاقے سے 3375کلوگرام چرس برآمد کر لی، ابتدائی اطلاعات کے مطابق برآمد شدہ منشیات کسی دیگر گروہ کے حوالے کرنے کی غرض سے چھپائی گئی تھی اور مناسب موقع پر اندرون و بیرون ملک اسمگل کی جانی تھی، اے این ایف راولپنڈی نے پرواز نمبر SV-889 سے سعودی عرب روانہ ہونے والے مردان کے رہائشی حیات اللہ کو ہیروئن بھرے کیپسولوں کی معدے میں موجودگی کے شبہ پر اسلام آباد انٹر نیشنل ائیرپورٹ سے گرفتار کر کے بینظیر بھٹو اسپتال میں داخل کروایا جہاں ملزم کے پیٹ سے 55ہیروئن بھرے کیپسول برآمد ہوئے جن کا وزن 350 گرام تھا۔

(جاری ہے)

مزید برآں ملزم کے سامان کی تلاشی کے نتیجے میں اس میں موجود کاغذ میں جذب شدہ اور ٹیلکم پائوڈر کے ڈبے میں چھپائی گئی مزید 2.230 کلوگرام ایمفیٹامائن برآمد ہوئی،دوسری کاروائی کے دوران ، اے این ایف راولپنڈی نے گلگت بلتستان کی انسداد دہشتگردی عدالت کے احاطے سے گلگت کے رہائشی جنید اقبال اور اویس خان نامی 2 ملزمان کے ذاتی قبضے سے 1.6 کلو گرام چرس برآمد کر کے دونوں ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

تیسری کاروائی کے دوران اے این ایف راولپنڈی نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے سعودی عرب جانے والے مردان کے رہائشی ایاز محمد اور اس کی بیوی شازیہ کے ٹرالی بیگ سے 1.238 کلو گرام ایمفیٹا مائن برآمد کر کے دونوں کو گرفتار کر لیا۔چوتھی کاروائی کے دوران اے این ایف راولپنڈی نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے بذریعہ پرواز نمبر PK-245 دمام (سعودی عرب) جانے والے ہری پور کے رہائشی عادل خان نامی مسافر کے سامان کی تلاشی کے دوران اس کے ٹرالی بیگ سے 743 گرام ایمفیٹا مائن برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا۔

اے این ایف لاہور نے موٹروے M-4 ٹول پلازہ گوجرہ، فیصل آباد کے قریب کاروائی کے دوران ایک ٹویوٹا ہائی ایس کو روک کر دوران تلاشی گاڑی کے سی این جی سلنڈر میں چھپائی گئی 8 کلو گرام ہیروئن برآمد کر کے موقع پر موجود چارسدہ کے رہائشی محمد یاسر نامی ملزم کو گرفتار کر لیا۔دوسری کاروائی کے دوران اے این ایف لاہور نے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ، لاہور سے احمد شفیق ابراہیم نامی مالدیپی باشندے کو شک کی بنا پر حراست میں لیا، دوران پوچھ گچھ ملزم نے اپنے پیٹ میں ہیروئن بھرے کیپسولوں کی موجودگی کا اعتراف کر لیا۔

جس پر اسے سروس ہسپتال لاہور منتقل کیا گیا۔بعد ازاں ملزم کے پیٹ سے 61 ہیروئن بھرے کیپسول (575 گرام ہیروئن) برآمد کر لئے گئے۔تیسری کاروائی کے دوران اے این ایف لاہور نے ملتان انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے بذریعہ پرواز نمبر FZ-326 دمام (سعودی عرب) جانے والے سرگودھا کے رہائشی فراز احمد نامی ملزم کے سامان کی تلاشی کے دوران اس کے سامان سے 850 گرام ایمفیٹامائن برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا۔تمام مقدمات اے این ایف کے متعلقہ تھانوں میں درج کر لئے گئے ہیں اور مزید تفتیش جاری ہے۔