مبینہ دھاندلی ،ْ ٹی او آرز طے کرنے کیلئے شفقت محمود ذیلی کمیٹی کا کنوینئر مقرر

ذیلی کمیٹی پارلیمانی کمیٹی برائے عام انتخابات 2018ء سے متعلق ٹی او آرز کے بارے میں 15 روز میں سفارشات پیش کریگی ٹی او آرز طے ہونے کے بعد کمیٹی کی کارروائی آگے بڑھے گی، ہم ایمانداری سے کام کریں گے ،ْ پرویز خٹک

جمعہ نومبر 19:12

مبینہ دھاندلی ،ْ ٹی او آرز طے کرنے کیلئے شفقت محمود ذیلی کمیٹی کا کنوینئر ..
․ اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 09 نومبر2018ء) پارلیمانی کمیٹی برائے عام انتخابات 2018ء کے ٹی او آرز طے کرنے کیلئے وفاقی وزیر برائے وفاقی تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت شفقت محمود کو ذیلی کمیٹی کا کنوینئر مقرر کیاگیا ہے، یہ ذیلی کمیٹی 8 ارکان پر مشتمل ہے جس میں حکومت اور اپوزیشن کے مساوی چار، چار ارکان شامل ہیں۔ پارلیمانی کمیٹی برائے عام انتخابات 2018ء کا اجلاس جمعہ کو چیئرمین کمیٹی وزیر دفاع پرویز خٹک کی سربراہی میں پارلیمنٹ ہائوس میں منعقد ہوا۔

اجلاس میں کمیٹی کے ارکان وفاقی وزیر برائے وفاقی تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت شفقت محمود، وفاقی وزیر ہائوسنگ و ورکس طارق بشیر چیمہ، وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی سینیٹر اعظم خان سواتی، رکن قومی اسمبلی تنویر حسین، رکن قومی اسمبلی مرتضیٰ جاوید عباسی، رکن قومی اسمبلی رانا ثناء الله، رکن قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف، رکن قومی اسمبلی سیّد نوید قمر، سینیٹر محمد علی خان سیف، سینیٹر سرفراز احمد بگٹی، سینیٹر میر حاصل خان بزنجو، سینیٹر محمد اسد علی خان جونیجو، سینیٹر محمد عثمان خان کاکڑ اور سینیٹر عبدالرحمن ملک نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں پارلیمانی کمیٹی برائے عام انتخابات 2018ء کے ٹی او آرز سے متعلق ذیلی کمیٹی کے ممبران کے نام اور کنوینئر کے نام کا انتخاب کیا گیا۔ حکومت کی جانب سے وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین، وفاقی وزیر برائے وفاقی تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت شفقت محمود، سینیٹر بیرسٹر سیف اور سینیٹر سرفراز بگٹی کے نام دیئے گئے جبکہ اپوزیشن کی جانب سے رکن قومی اسمبلی سیّد نوید قمر، رکن قومی اسمبلی مولانا عبدالواسع، رکن قومی اسمبلی رانا ثناء الله اور سینیٹر حاصل خان بزنجو کے نام پیش کئے گئے۔

ارکان نے وفاقی وزیر برائے وفاقی تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت شفقت محمود کو متفقہ طور پر ذیلی کمیٹی کا کنوینئر منتخب کر لیا۔ ذیلی کمیٹی پارلیمانی کمیٹی برائے عام انتخابات 2018ء سے متعلق ٹی او آرز کے بارے میں 15 روز میں سفارشات پیش کریگی۔ پارلیمانی کمیٹی برائے عام انتخابات 2018ء کے چیئرمین و وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا کہ ذیلی کمیٹی دو ہفتوں میں پارلیمانی کمیٹی برائے عام انتخابات 2018ء کے ٹی او آرز سے متعلق سفارشات پیش کرے گی، اس کمیٹی میں حکومت اور اپوزیشن کے مساوی نمائندے شامل ہیں، اگر یہ کمیٹی 15 روز میں اپنا کام مکمل نہیں کرتی تو اسے مزید وقت دیا جائے گا، ذیلی کمیٹی کے ٹی او آرز کے تناظر میں متعلقہ اداروں کو طلب کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہم ایمانداری سے کام کریں گے کیونکہ وزیراعظم نے کہا ہے کہ ہم کسی سے زیادتی نہیں کریں گے۔